Live Updates

سیلاب کی وجہ سے غربت کے اعدادوشمار خطرناک ہو نے جارہے ہیں

سیلاب سے اجناس کے نقصان کے بعد ہم قحط کی طرف بڑھ رہے ہیں، خریف کی 20فیصد فصلیں مکمل تباہ ہوگئی ہیں، حکومت سے اپیل ہےکہ ٹک ٹاک چھوڑ کرسیلاب متاثرین کی مشکلات کم کرے۔رہنما پی ٹی آئی جمشید اقبال چیمہ

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ منگل 2 ستمبر 2025 19:40

سیلاب کی وجہ سے غربت کے اعدادوشمار خطرناک ہو نے جارہے ہیں
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 02 ستمبر2025ء) پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما جمشید اقبال چیمہ نے کہا ہے کہ خریف کی 20فیصد فصلیں مکمل تباہ ہو گئی ہیں ، سیلاب اترنے کے بعد جو اثرات سامنے آئیں گے اس کے لئے منصوبہ بندی کرنے کی ضرورت ہے لیکن حکومت اس کے لئے تیار ی کرتی نظر نہیں آتی، سیلاب کی وجہ سے غربت کے اعدادوشمار خطرناک ہو نے جارہے ہیں۔

انہوں نے اپنے ویڈیو بیان میں کہا کہ ملتان ،جھنگ ،چنیوٹ ، وہاڑی ، ساہیوال ،اوکاڑہ ،قصور ،خانیوال،لاہور سمیت دیگر سیلاب سے متاثرہ اضلاع میںمونجی ، مکئی ، سبزیاں ، دالیں ، تل سمیت دیگر فصلیں تباہ ہو گئی ہیں اور ابتدائی طو رپر اس کا 20 فیصد کا تخمینہ ہے جو بہت بڑا نقصان ہے ، لائیو سٹاک کی تباہی اس کے علاوہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں کسی کی مخالفت میں بات نہیں کر رہا لیکن حکومت کی توجہ ریلیف آپریشن اور آنے والے دنوں کی مشکلات سے نمٹنے کی بجائے ٹک ٹا ک اور ویڈیوز بنانے پر مرکوز ہے ۔

(جاری ہے)

سیلاب کی وجہ سے غربت کے نمبرز زیادہ خطرناک ہو نے جارہے ہیں ، اجناس کے نقصان کے بعد ہم قحط کی طرف بڑھ رہے ہیں ۔ حکومت سے اپیل ہے کہ ٹک ٹاک چھوڑ کرسیلاب متاثرین کی مشکلات کم کرنے کی طرف توجہ دے ، آنے والے دنوں میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں بیماریاں پھوٹ پڑیں گی ۔ ان سے نمٹنے کی منصوبہ بندی کی جائے، انہیں دوبارہ گھروں میں آباد کرنے ، فصلیں لگانے کے لئے زمین کی تیاری ، بیجوں اورزرعی داخل کی فراہمی کے لئے منصوبہ بندی کا آغاز کریں ۔  جمشید اقبال چیمہ نے مزید کہا کہ بد قسمتی سے موجودہ حکومت کے دور میں ہر سطح پر ٹک ٹاک کی وباء پھیل گئی ہے ، ماچس کی ڈبی سے کار خریدنے تک ٹیکس دینے والوں کے لئے کوئی آسانی پیدا نہیں کی جارہی ۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات