افغانستان زلزلے میں ہونے والے نقصانات پر بیرسٹر ڈاکٹر سیف کا اظہار افسوس

منگل 2 ستمبر 2025 19:05

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 ستمبر2025ء)وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر اطلاعات و تعلقات عامہ بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے افغانستان میں زلزلے سے ہونے والے جانی و مالی نقصانات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے متاثرہ خاندانوں سے ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مشکل کی اس گھڑی میں افغان بھائیوں کے ساتھ ہیں اور انہیں ہر ممکن امداد فراہم کرنے کی یقین دہانی کراتے ہیں۔

(جاری ہے)

بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے یقین دلایا کہ خیبر پختونخوا حکومت افغان بھائیوں کی بھرپور مدد کرے گی،ہم افغان بھائیوں کے ساتھ اس مشکل کی گھڑی میں شانہ بشانہ کھڑے ہیں خیبر پختونخوا کے ہسپتال زلزلے میں زخمی افغان بھائیوں کے لئے حاضر ہیں، ریلیف ٹیمیں اور ریسکیو اہلکار و سمیت ادویات، خیمے اور کھانے پینے کی اشیاء فوری بھجنے کے لئے تیار ہیں اورمتاثرین کی بحالی کے لئے ہر ممکن تعاون جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختون خوا حکومت افغان بھائیوں کے درد میں برابر شریک ہیں وزیر اعلی علی امین گنڈاپور نے گزشتہ روز افغان سفیر سے ملاقات بھی کی ہے اور خیبر پختون خوا حکومت کی طرف سے ہر قسم کے تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔