سی ڈی اے کے اعلی سطحی وفد کا آئی سی سی آئی کا دورہ، کیش لیس اکانومی کے نفاذ کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا

منگل 2 ستمبر 2025 19:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 ستمبر2025ء) کیپٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی( سی ڈی اے ) کے ممبر فنانس طاہر نعیم، ڈپٹی ڈی جی انفورسمنٹ ڈاکٹر انعم فاطمہ، اے ڈی سی جی صاحبزادہ محمد یوسف، ڈی جی آڈٹ اینڈ اکائونٹس نازیہ ابرار اور کارانداز کے نمائندے وسیم ملک پر مشتمل ایک اعلیٰ سطحی وفد نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کیا اور آئی سی سی آئی کے صدر کے ساتھ ایک اہم ملاقات کی۔

اس موقع پر آئی سی سی آئی کے سینئر نائب صدر عبدالرحمان صدیقی، نائب صدر ناصر محمود چوہدری اور ایگزیکٹو ممبران بھی موجود تھے۔ وفد کے دورے کامقصد اسلام آباد میں کیش لیس اکانومی کو متعارف کرانے اور راست ڈیجیٹل ادائیگی کے نظام کی توسیع پر غور و خوض تھا ۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ممبر فنانس طاہر نعیم نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف کی ہدایات پر حکومت ڈیجیٹل لین دین کو فروغ دینے، ڈیجیٹل پبلک انفراسٹرکچر کو بڑھانے، ادائیگی کے نظام کو آسان بنانے اور ادائیگیوں کے لیے موبائل ایپلی کیشنز کے استعمال کو بڑھاوا دینے کے لیے دارالحکومت میں کیش لیس معیشت متعارف کرانے کے لیے پرعزم ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم نے کیش لیس لین دین کو فروغ دینے، عوامی بیداری بڑھانے اور کیو آر کوڈز کے ذریعے سرکاری ادائیگیوں کو یقینی بنانے کیلئے خصوصی کمیٹیاں تشکیل دی ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ آئی سی سی آئی کا کردار اس تبدیلی کے لیے کاروباری برادری کو حساس بنانے اور راغب کرنےمیں اہم ہے۔آئی سی سی آئی کے صدر ناصر منصور قریشی نے وزیراعظم کے اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے اقدامات سے مالیاتی لین دین میں شفافیت اور تیزی آئے گی اور معیشت پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے تاہم انہوں نے سخت نفاذ کے بجائے سہولت کاری اور آگاہی سیشنز کی ضرورت پر زور دیا تاکہ تاجر برادری اعتماد کے ساتھ نئے نظام کو اپنا سکے۔

انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ آئی سی سی آئی وفاقی دارالحکومت کا پریمیئر چیمبر ہونے کے ناطے اس سلسلے میں مکمل تعاون کرے گا اور تجویز دی کہ آئی سی سی آئی میں تواتر سے آگاہی پروگرام منعقد کیے جائیں تاکہ کاروباری برادری کے خدشات کو دور کیا جا سکے اور اس پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جا سکے۔ انہوں نے یہ بھی یقین دلایا کہ تاجر برادری موجودہ چیلنجز کے باوجود ملک کی معاشی بہتری کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کرنے کے لیے پرعزم ہے۔

سی ڈی اے کے وفد کے دیگر اراکین بشمول ڈاکٹر انعم فاطمہ، صاحبزادہ محمد یوسف، نازیہ ابرار اور وسیم ملک نے بھی اپنی بصیرت کا اظہار کیا جس میں ڈیجیٹلائزیشن کے فوائد اور راست سسٹم کی کارکردگی اور سہولت کو بہتر بنانے کے امکانات پر بھی روشنی ڈالی۔تاجر برادری کی جانب سے آئی سی سی آئی کے سینئر نائب صدر عبدالرحمان صدیقی ا، یگزیکٹو ممبران ملک عبدالعزیز اور طاہر ایوب نے وفد کو تاجروں کے اس بارے خدشات سے آگاہ کیا۔انہوں نے زور دیا کہ کیش لیس معیشت کو کامیاب اپنانے کے لیے ان خدشات کو دور کرنا ضروری ہے۔اس موقع پر آئی سی سی آئی کے ایگزیکٹو ممبران عمران منہاس، ذوالقرنین عباسی، عمر خیام عباسی، آفتاب گجر، اسحاق سیال اور نوید ستی بھی موجود تھے۔