Live Updates

وزیر اعلی مریم نواز کی قیادت میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں بحالی کا کام مسلسل جاری ہے،ملک صہیب بھرتھ

منگل 2 ستمبر 2025 20:00

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 ستمبر2025ء) صوبائی وزیر تعمیرات و مواصلات ملک صہیب احمد بھرتھ نے لاہور، گوجرانوالہ اور وزیر آباد کا دورہ کیا۔ صوبائی وزیر نے سیلاب اور بارشی پانی سے انفراسٹرکچر کو ہونے والے نقصانات پر بریفنگ لی۔ ڈی سی لاہور، ڈی سی گوجرانوالہ، ڈی سی سیالکوٹ، ڈی سی حافظ آباد، ڈی سی منڈی بہا والدین اور ڈی سی وزیر آباد نے شاہراہوں و پلوں کی بحالی پر بریفنگ دی۔

لاہور میں سیلاب و بارشی پانی سے ہائی وے کی 2شاہراہوں کے سیکشنز متاثر ہوئے۔ نارووال میں سیلاب و بارش کے باعث 110متاثرہ شاہراہوں کے سیکشنز پر بحالی کا کام جاری ہے۔ سیالکوٹ میں 92شاہراہوں کی بحالی کا کام تیزی سے جاری ہے۔ وزیر آباد اور حافظ آباد میں شاہراہوں کی بحالی کا عمل جاری ہے۔

(جاری ہے)

سیالکوٹ، حافظ آباد اور منڈی بہاو الدین میں متاثر ہونے والے پلوں پر بحالی مکمل کر کے انہیں لائٹ ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا ہے۔

سی اینڈ ڈبلیو کا عملہ فیلڈ میں موجود ہے۔ صوبائی وزیر تعمیرات اور صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ نے پرانا جی ٹی روڈ وزیر آباد اور بہرام رانا روڈ کا دورہ کیا اور جاری بحالی کے کاموں کا جائزہ لیا۔ سی اینڈ ڈبلیو کی ٹیم نے وزرا کو کام کی رفتار سے متعلق بریفنگ دی۔ ملک صہیب بھرتھ نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب کی قیادت میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں بحالی کا کام مسلسل جاری ہے۔

مزید برآں صوبائی وزیر تعمیرات نے لاہور کے علاقوں مراکہ اور موہلنوال کا بھی دورہ کیا۔ صوبائی وزیر نے مراکہ اور خودپورہ میں شاہراہوں کو آنے والے نقصانات کا جائزہ لیا۔ محکمہ سی اینڈ ڈبلیو کے ہائی وے افسران نے صوبائی وزیر کو تفصیلی بریفنگ دی۔ مراکہ میں متاثرہ شاہراہ پر تعمیراتی کام کا آغاز کر دیا گیا ہے اور ہائی وے کی بھاری مشینری سے شاہراہ کی تعمیر تیزی سے جاری ہے۔ انہوںنے کہا کہ ہائی وے کے افسران صوبہ بھر میں شاہراہوں اور پلوں کی بحالی میں مصروف ہیں رابطہ پلوں اور رابطہ سڑکوں کو جوڑا جا رہا ہے۔ انہوں نے مراکہ کی عوام سے بھی ملاقات کی اور کہا کہ سیلاب سے بچا واور متاثرہ علاقوں کی بحالی کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات