Live Updates

عید میلاد النبی ﷺ کی آمد آمد، محکمہ داخلہ پنجاب نے انتظامات بارے اہم ہدایات جاری کر دیں

حکومت پنجاب عید میلاد النبی ﷺ مذہبی عقیدت و احترام اور شایانِ شان انداز میں منائے گی جلوس کے راستوں میں سبیلیں؛ اہم عمارتیں اور دفاتر سبز برقی قمقموں سے روشن ہوں گے جمعہ 11 ربیع الاول کو تعلیمی اداروں میں محافل میلاد؛ سیلاب متاثرین اور جیل اسیران میں مٹھائیاں تقسیم ہونگی

بدھ 3 ستمبر 2025 14:35

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 ستمبر2025ء)محکمہ داخلہ پنجاب نے عید میلاد النبی ﷺ کے اہتمام بارے اہم ہدایات جاری کر دی ہیں۔ حکومتِ پنجاب کی پالیسی کے مطابق جشنِ ولادتِ خاتم النبیین حضرت محمد مصطفی ﷺ مذہبی عقیدت و احترام اور شایانِ شان انداز میں منایا جائے گا۔ صوبہ بھر میں عیدِ میلاد کے بڑے جلوسوں کے راستوں پر سبیلیں لگائی جائیں گی اور بڑی اور ممتاز عمارتوں، بینکوں اور دفاتر کو سبز برقی قمقموں سے روشن کیا جائے گا۔

امام الانبیا علیہ الصلا والسلام کے اوصافِ حمیدہ کے ذکر اور ان کی سیرت سے دلوں کو منور کرنے کیلئے جمع المبارک 11 ربیع الاول کو تمام سرکاری و نجی سکولوں میں محافلِ میلاد منعقد ہوں گی۔ اس مبارک موقع پر سیلاب متاثرین بھی حکومت کی ترجیح ہوں گے اور تمام فلڈ ریلیف کیمپوں میں مٹھائیاں تقسیم کی جائیں گی جبکہ پنجاب کی جیلوں میں موجود اسیران کو بھی ولادت باسعادت کی خوشیوں میں شامل کرنے کیلئے سرکاری سطح پر مٹھائیاں تقسیم کی جائیں گی۔

(جاری ہے)

یومِ دفاع پاکستان کے حوالے سے 6 ستمبر کو شہدا کیلئے خصوصی دعائیہ تقاریب کا اہتمام ہو گا۔ ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر امن، رواداری اور آپسی اتحاد کے جذبے کو فروغ دینے کی خصوصی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ محکمہ داخلہ پنجاب نے صوبہ بھر میں ڈپٹی کمشنرز اور ڈی پی اوز کو ہدایات پر عملدرآمد کے حوالے سے مراسلہ جاری کر دیا گیا۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات