دبئی ایئرپورٹ پر اے آئی سمارٹ کوریڈور میں توسیع کا فیصلہ

نیا کوریڈور دنیا میں اپنی نوعیت کا پہلا منصوبہ ہے جو جدید ترین مصنوعی ذہانت اور بائیو میٹرک شناختی ٹیکنالوجیز کے ساتھ اعلیٰ حفاظتی معیارات کو یکجا کرتا ہے؛ جنرل ڈائریکٹوریٹ آف آئیڈینٹیٹی اینڈ فارنرز افیئرز

Sajid Ali ساجد علی بدھ 3 ستمبر 2025 14:43

دبئی ایئرپورٹ پر اے آئی سمارٹ کوریڈور میں توسیع کا فیصلہ
دبئی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 03 ستمبر 2025ء ) دنیا کے مصروف ترین ہوائی اڈے دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ نے مصنوعی ذہانت سے چلنے والا ایک ٹریول سسٹم متعارف کرایا ہے جو مسافروں کو سیکنڈوں میں پاسپورٹ پروسیسنگ کا عمل مکمل کرنے کی سہولت دیتا ہے، حکام اب دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے ٹرمینل 3 پر اس ریڈ کارپٹ سمارٹ کوریڈور کو وسعت دینے کا ارادہ رکھتے ہیں، جس سے مستقبل قریب میں روانگی اور آمد دونوں قسم کے مسافروں کے لیے سمارٹ سسٹم دستیاب ہوگا۔

خلیج ٹائمز کے مطابق دبئی ایئرپورٹس کے تعاون سے شروع کیا گیا اے آئی سے چلنے والا نظام مسافروں کو بغیر کسی سفری دستاویزات پیش کرنے کی ضرورت کے امیگریشن پراسیس مکمل کرنے کے قابل بناتا ہے، سمارٹ کوریڈور بیک وقت 10 مسافروں کو سنبھال سکتا ہے جہاں مسافر 6 سے 14 سیکنڈ میں امیگریشن کلیئر کرسکتے ہیں۔

(جاری ہے)

جنرل ڈائریکٹوریٹ آف آئیڈینٹیٹی اینڈ فارنرز افیئرز (GDFRA) سے معلوم ہوا ہے کہ نیا کوریڈور دنیا میں اپنی نوعیت کا پہلا منصوبہ ہے جو جدید ترین مصنوعی ذہانت اور بائیو میٹرک شناختی ٹیکنالوجیز کے ساتھ اعلیٰ ترین حفاظتی معیارات کو یکجا کرتا ہے، یہ اقدام ہوا بازی کی صنعت میں جدید ترین ٹیکنالوجی کو اپنانے میں امارات کے اولین کردار کو اجاگر کرتا ہے اور دبئی کو ایک اعلیٰ ترین عالمی سفری منزل کے طور پر مزید نمایاں کرتا ہے، توقع کی جاتی ہے کہ اس منصوبے سے سفر کے عروج کے دوران بھیڑ کو نمایاں طور پر کم کیا جائے گا اور بغیر کسی رکاوٹ کے مسافروں کے خوشگوار تجربات کے لیے ایک عالمی مرکز کے طور پر دبئی کی پوزیشن مضبوط ہوگی۔

بتایا جارہا ہے کہ 'ریڈ کارپٹ' خاندانوں یا لوگوں کے گروہوں کو ایک ساتھ گزرنے کی اجازت دے گا، نقل و حرکت کی زیادہ لچک کو یقینی بنائے گا اور سفر کے تجربے کو بہتر بنائے گا، یہ اے آئی نظام انسانی مداخلت کو کم کرے گا، انتظار کے اوقات مین کمی لائے گا، ہوائی اڈے کی صلاحیت میں اضافہ کرے گا اور حفاظت و درستگی کے اعلیٰ ترین معیارات کو برقرار رکھے گا، یہ نظام منتخب مسافروں کے لیے ٹرمینل 3 پر پہلے ہی متعارف کرایا جا چکا ہے اور مسافروں کی روانگی و آمد دونوں کا احاطہ کرنے کے لیے اس کی توسیع دبئی کی اپنے ہوائی اڈوں پر اے آئی سے چلنے والی ٹیکنالوجیز کو مربوط کرنے کی وسیع حکمت عملی کی عکاسی کرتی ہے۔

متعلقہ عنوان :