Live Updates

سیلاب کے باعث 3 ٹرینیں معطل‘ خانیوال سے فیصل آباد سیکشن بند‘ ٹرینوں کا رخ موڑنا پڑگیا

معطل کی جانے والی ٹرینوں کے مسافروں کو دیگر ٹرینوں میں ایڈجسٹ کیا جائے گا، لاہور سے کراچی، کوئٹہ اور راولپنڈی سمیت دیگر شہروں کی طرف جانے والی ٹرینوں کا نیا شیڈول جاری

Sajid Ali ساجد علی بدھ 3 ستمبر 2025 15:21

سیلاب کے باعث 3 ٹرینیں معطل‘ خانیوال سے فیصل آباد سیکشن بند‘ ٹرینوں ..
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 03 ستمبر 2025ء ) ملک بھر میں حالیہ مون سون بارشوں اور سیلابی صورت حال کے باعث پاکستان ریلوے کی جانب سے 3 ٹرینیں معطل کردی گئیں، خانیوال سے فیصل آباد تک کا سیکشن بند کرتے ہوئے ٹرینوں کا رخ موڑنا پڑگیا۔ ریلوے ترجمان کے مطابق ملک میں جاری شدید موسمی صورتحال کی وجہ سے مسافروں کی تعداد میں کمی کے باعث 3 ٹرینں کی معطل کی گئی ہیں، ریلوے انتظامیہ کے فیصلے کے تحت کراچی سے لاہور جانے والی قراقرم ایکسپریس آج منسوخ رہے گی، اسی طرح کراچی سے پشاور کے درمیان چلنے والی خوشحال خان خٹک ایکسپریس 4 ستمبر تک معطل کی گئی ہے جب کہ کراچی سے لاہور شاہ حسین ایکسپریس 6 ستمبر تک معطل رہے گی، تاہم معطل کی گئی ٹرینوں کے مسافروں کو دیگر ٹرینوں میں ایڈجسٹ کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

علاوہ ازیں دریائے راوی میں ہیڈ سدھنائی کے مقام پر سیلابی ریلا ریلوے پل سے ٹکرانے کے بعد پانی ٹریک کے اوپر سے گزرنے لگا، جس کے پیش نظر ریلوے حکام نے احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے خانیوال سے فیصل آباد تک کا سیکشن عارضی طور پر بند کر دیا اور سیلابی صورتحال کے باعث لاہور سے کراچی، کوئٹہ اور راولپنڈی سمیت دیگر شہروں کو جانے والی ٹرینوں کا نیا شیڈول بھی جاری کر دیا گیا۔

بتایا گیا ہے کہ راولپنڈی سے کراچی جانے والی 46 ڈاؤن پاکستان ایکسپریس لالہ موسی سے 8 بجکر 54 منٹ پر بروقت روانہ ہو کر براستہ لاہور ساہیوال کراچی کیلئے روانہ ہوگئی، کراچی جانے والی 18 ڈاؤن ملت ایکسپریس لالہ موسی سے 10 بجکر 33 منٹ پر بروقت روانہ ہو کر براستہ لاہور ساہیوال کراچی کیلئے روانہ ہوئی، جب کہ کراچی سے آنے والی 45 اپ پاکستان ایکسپریس براستہ ساہیوال لاہور لالہ موسی جائے گی، 17 اَپ ملت ایکسپریس بھی براستہ ساہیوال لاہور لالہ موسیٰ پہنچے گی، اسی طرح کراچی سے آنے والی 41 اَپ قراقرم ایکسپریس بھی فیصل آباد کی بجائے براستہ ساہیوال لاہور جائے گی۔

معلوم ہوا ہے کہ 34 ڈاؤن پاک بزنس ایکسپریس کراچی کے لیے اپنے مقررہ وقت سہ پہر 4 بجکر 30 منٹ پر لاہور سے روانہ ہوگی، کراچی ایکسپریس کراچی کے لیے اپنے مقررہ وقت شام 6 بجے لاہور سے چلے گی، شاہ حسین ایکسپریس 44 ڈاؤن کے مسافروں کو آج گرین لائن 6 ڈاؤن میں ایڈجسٹ کیا جائے گا، گرین لائن کراچی کیلئے اپنے مقررہ وقت رات 8 بجکر 50 منٹ پر لاہور سے روانہ ہوگی، شاہ حسین ایکسپریس 44 ڈاون کے مسافر کو گرین لائن کی روانگی سے ایک گھنٹہ قبل سٹیشن پہنچنے کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ انہیں بآسانی ایڈجسٹ کیا جا سکے۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات