12 ربیع الاول کی تقریبات کیلئے فول پروف سیکیورٹی پلان دیا جائے، وزیراعلیٰ

بدھ 3 ستمبر 2025 16:50

12 ربیع الاول کی تقریبات کیلئے فول پروف سیکیورٹی پلان دیا جائے، وزیراعلیٰ
کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 ستمبر2025ء) وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے کہاہے کہ 12 ربیع الاول کی تقریبات کیلئے فول پروف سیکیورٹی پلان دیا جائے۔وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی کی زیر صدارت امن و امان سے متعلق اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا، اس موقع پر ایڈیشنل چیف سیکریٹری داخلہ حمزہ شفقات اور آئی جی بلوچستان نے شاہوانی اسٹیڈیم دھماکے سے متعلق تفصیلات وزیراعلیٰ بلوچستان کو پیش کیں۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی نے ہدایت کی کہ بحالی امن کے اقدامات کو مزید مؤثر بنایا جائے، انہوں نے ایڈیشنل چیف سیکریٹری داخلہ کوعوام اور میڈیا کو حکومتی اقدامات اور حقائق سے آگاہ کرنے کی ہدایت کردی۔سرفراز بگٹی نے کہاکہ سیاسی جماعتیں اور عوام سیکیورٹی اداروں سے تعاون کریں، موجودہ تھریٹس الرٹ میں اتحاد وقت کی ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ شاہوانی اسٹیڈیم دھماکے کے ذمے دار دہشت گردوں کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا، حکومت سانحہ کے شہدا کے اہل خانہ کو تنہا نہیں چھوڑے گی۔

وزیراعلیٰ بلوچستان نے ہدایت کی کہ زخمیوں کو بہترین علاج معالجہ کی سہولتوں کی فراہمی کو یقینی بنایاجائے اور شدید زخمیوں کو فضائی سروسز سے کراچی منتقل کیا جائے۔سردار سرفراز بگٹی نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ دہشتگردوں کو کسی صورت بلوچستان کے امن کو سبوتاڑ کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی، 12 ربیع الاول کی تقریبات کے لیے فول پروف سیکیورٹی پلان دیا جائے، انہوں نے اپیل کی کہ عوام جلوسوں اور اجتماعات کے دوران حکومت اور اداروں سے مکمل تعاون کریں۔