Live Updates

دریائے چناب میں اونچے درجے کے سیلاب پر واسا کا ہنگامی پلان فعال

بدھ 3 ستمبر 2025 14:50

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 ستمبر2025ء) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق واسا عوامی خدمت کیلئے دن رات کوشاں ہے۔ دریائے چناب میں اونچے درجے کے سیلاب کے پیش نظر واسا نے اپنا ہنگامی پلان فعال کر دیا ہے تاکہ شہریوں کو نکاسی آب سمیت دیگر سہولیات میں کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ایم ڈی واسا خالد رضا خان کے مطابق شہری علاقوں میں نکاسی آب کو یقینی بنانے کیلئے ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے اور واسا کا عملہ ہمہ وقت متحرک ہے۔

(جاری ہے)

سورج میانی کے مقام پر ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ سیلابی ریلے سے متاثر ہوا تاہم حفاظتی اقدامات کے تحت پلانٹ سے پانی کے اخراج کا عمل بند کر دیا گیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ پلانٹ کے 184 ایکڑ رقبے پر پانی ذخیرہ کرنے کے عمل کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے جبکہ سلج کیریئر سمیت دیگر نکاسی آب آپریشنز کا بھی خود معائنہ کیا گیا۔ ایم ڈی واسا نے کہا کہ تین کلومیٹر طویل پروٹیکشن بند پر حفاظتی اقدامات کی نگرانی کی جا رہی ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں عوام کو مشکلات کا سامنا نہ ہو۔خالد رضا خان کا مزید کہنا تھا کہ سیوریج نظام کو رواں رکھنے اور شہریوں کو سہولیات فراہم کرنے کیلئے واسا کے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات