سعودی تاجروں نے فوڈ سیکٹر میں پاکستانی تاجروں کے ساتھ مشترکہ منصوبوں میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا ہے، شاہد عمران

بدھ 3 ستمبر 2025 17:00

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 ستمبر2025ء) فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی علاقائی کمیٹی برائے خوراک کے کنوینر شاہد عمران نے کہا ہے کہ سعودی تاجروں نے فوڈ سیکٹر بالخصوص اسنیکس انڈسٹری میں پاکستانی تاجروں کے ساتھ مشترکہ منصوبوں میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔بدھ کو جدہ سے یہاں موصول ہونے والے ایک پیغام کے مطابق شاہد عمران،جو ان دنوں سعودی عرب کا دورہ کرنے والے پاکستانی وفد کی قیادت کر رہے ہیں، نے بتایا کہ سعودی تاجروں کے ساتھ ملاقاتوں کے دوران انہوں نے دونوں ممالک میں تعاون کی ضرورت کو اجاگر کیا اور پاکستانی غذائی مصنوعات کی بڑھتی ہوئی طلب کو پورا کرنے کے لیے جدید اور اعلی معیار کے اسنیکس متعارف کرانے کی ضرورت پر زور دیا۔

سعودی ہم منصبوں نے سستی قیمتوں پر روایتی اور جدید اسنیکس تیار کرنے میں پاکستان کی مہارت کو سراہا اور پاکستانی فوڈ ایکسپورٹرز کی منافع بخش سعودی مارکیٹ میں آمد کا خیرمقدم کیا۔

(جاری ہے)

دونوں فریقوں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ مشترکہ منصوبوں سے نہ صرف دو طرفہ تجارت کو فروغ ملے گا بلکہ روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور اقتصادی تعلقات کو مضبوط بنانے میں بھی مدد ملے گی۔شاہد عمران نے کہا کہ دوطرفہ تعاون سے خوراک اور مشروبات کی وسیع تر مارکیٹ میں طویل مدتی شراکت داری کی راہ ہموار ہوگی۔