نیشنل کالج آف آرٹس میں یومِ دفاع آرٹ کانٹیسٹ کا انعقاد

بدھ 3 ستمبر 2025 17:21

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 ستمبر2025ء) نیشنل کالج آف آرٹس لاہور میں 60ویں یومِ دفاع کی مناسبت سے "آرٹ کانٹیسٹ" کا کامیاب انعقاد کیا گیا۔ترجمان این سی اے کے مطابق یہ مقابلہ این سی اے ٹولنٹن بلاک میں منعقد ہوا، جس کی مہمان خصوصی پروفیسر ڈاکٹر مرتضی جعفری، وائس چانسلر نیشنل کالج آف آرٹس تھے۔ اس مقابلے کا مقصد 1965 کی جنگ اور بنیان مرصوص 2025 کو خراجِ تحسین پیش کرنا تھا۔

8 سے11 سال کے بچوں نے بڑی تعداد میں اس مقابلے میں حصہ لیا۔

(جاری ہے)

شرکا کو موقع پر ہی آرٹ کا سامان فراہم کیا گیا اور بچوں نے اپنی تخلیقی صلاحیتوں کے ذریعے وطنِ عزیز کی محبت اور قربانیوں کو اپنی تصاویر میں اجاگر کیا۔ پروگرام میں والدین اور دیگر حاضرین نے بھی بچوں کی تخلیقات کو بے حد سراہا۔ مقابلے کے اختتام پر تمام بچوں کو انعامات اور اسناد سے نوازا گیا۔اس موقع پر وائس چانسلر این سی اے پروفیسر ڈاکٹر مرتضی جعفری نے کہا کہ نیشنل کالج آف آرٹس ہمیشہ سے نوجوان نسل کو فنونِ لطیفہ کے ذریعے اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے مواقع فراہم کرتا رہا ہے اور مستقبل میں بھی ایسے پروگرامز کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔