Live Updates

متاثرہ خاندانوں کو ریلیف اور انفراسٹرکچر کی بحالی کو یقینی بنایا جائے، صوبائی معاون خصوصی

بدھ 3 ستمبر 2025 20:10

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 ستمبر2025ء) خیبر پختونخوا کے معاونِ خصوصی برائے مواصلات و تعمیرات محمد سہیل آفریدی کی زیر صدارت ضلع خیبر میں حالیہ بارشوں اور سیلاب سے ہونے والے نقصانات کے حوالہ سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ محکمہ مواصلات وتعمیرات خیبر پختونخوا تر جمان کے مطابق اجلاس میں ڈپٹی کمشنر ضلع خیبر بلال ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز، اسسٹنٹ کمشنرز، مواصلات و تعمیرات، لوکل گورنمنٹ، آبپاشی، پبلک ہیلتھ انجینئرنگ اور محکمہ تعلیم کے افسران سمیت تمام متعلقہ محکموں کے نمائندے شریک ہوئے۔

اجلاس کے دوران ڈپٹی کمشنر ضلع خیبر نے شرکاء کو تفصیلی بریفنگ دی جس میں نقصانات کے سروے اور جاری ریلیف سرگرمیوں کے حوالے سے آگاہ کیا گیا۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ حالیہ طوفانی بارشوں اور سیلابی ریلوں سے ضلع خیبر کے مختلف علاقوں میں جانی و مالی نقصانات ہوئے ہیں۔

(جاری ہے)

متعدد گھروں کو مکمل اور جزوی نقصان پہنچا، تعلیمی ادارے اور کھیلوں کے میدان متاثر ہوئے، جبکہ مویشی اور دیگر مال مویشیوں کی ہلاکتوں کی بھی اطلاعات ہیں۔

اس کے علاوہ شدید بارشوں کے نتیجے میں لینڈ سلائیڈنگ کے واقعات نے بھی عوامی مشکلات میں اضافہ کیا ہے۔ اجلاس میں اس بات پر تفصیل سے غور کیا گیا کہ متاثرہ خاندانوں کو ریلیف فراہم کرنے اور انفراسٹرکچر کی بحالی کے لیے کن اقدامات کو ترجیحی بنیادوں پر یقینی بنایا جائے۔ متعلقہ محکموں نے اپنی اب تک کی کارکردگی اور آئندہ کے لیے منصوبہ بندی اجلاس میں پیش کی۔

معاونِ خصوصی محمد سہیل آفریدی نے اجلاس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت خیبر پختونخوا عوام کو درپیش مشکلات سے بخوبی آگاہ ہے اور متاثرین کو ہر ممکن ریلیف فراہم کرنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔انشاء اللہ میں اور میری ٹیم دن رات ایک کر کے اپنی عوام کے ساتھ کھڑے رہیں گے اور خدمت کا یہ سلسلہ جاری رہے گا۔ محمد سہیل آفریدی نے مزید کہا کہ حکومت کی اولین ترجیح متاثرہ عوام کی بحالی ہے اور اس مقصد کے لیے صوبائی حکومت ضلعی انتظامیہ اور تمام اداروں کے ساتھ مل کر مربوط حکمتِ عملی کے تحت کام کر رہی ہے۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :