چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا کا انسپکٹر جنرل آف پولیس اور کمانڈنٹ ایف سی کے ہمراہ بنوں کا ایک روزہ ہنگامی دورہ

بدھ 3 ستمبر 2025 20:50

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 ستمبر2025ء)چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا شہاب علی شاہ نے بدھ کے روز انسپکٹر جنرل آف پولیس ذوالفقار حمید اور کمانڈنٹ ایف سی خیبرپختونخوا محمد ریان نظیر کے ہمراہ ضلع بنوں کا ایک روزہ ہنگامی دورہ کیا جہاں انہوں نے گزشتہ روز ایف سی لائن پر خوارجی حملے میں شہید ہونے والے جوانوں کے نمازِ جنازہ میں شرکت کی، شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا اور ان کے بلند درجات کیلئے دعا کی۔

اس موقع پر انہوں نے کہا کہ قوم اپنے شہداء کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی اور ان کے خون کے ہر قطرے کا بھرپور حساب لیا جائے گا۔ بعد ازاں چیف سیکرٹری، آئی جی پولیس اور کمانڈنٹ ایف سی نے سی ایم ایچ بنوں کا بھی دورہ کیا جہاں زیرِ علاج زخمی اہلکاروں کی عیادت کی۔

(جاری ہے)

انہوں نے ڈاکٹروں کو ہدایت کی کہ زخمیوں کے علاج و معالجے میں کوئی کسر نہ چھوڑی جائے۔

زخمی جوانوں کے حوصلے اور جذبے کو سراہتے ہوئے کہا گیا کہ آپ کی قربانیاں ملک میں امن کی ضمانت ہیں اور حکومت و پوری قوم آپ کے ساتھ کھڑی ہے۔ اس موقع پر کمشنر بنوں ڈویژن خالد محمود، ڈی آئی جی بنوں سجاد خان، بریگیڈئر نوید احمد، ڈپٹی کمشنر محمد فہیم خان، کمانڈنٹ ایف سی ذوالفقار اور ڈی پی او سلیم عباس کلاچی بھی موجود تھے۔ انتظامیہ کی جانب سے انہیں بنوں ڈویژن خصوصاً بنوں کی موجودہ سیکیورٹی اور مجموعی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

چیف سیکرٹری شہاب علی شاہ نے کہا کہ صوبائی حکومت شہداء کے خاندانوں اور زخمی اہلکاروں کی مکمل داد رسی کرے گی۔ انہوں نے ورثاء کو یقین دلایا کہ ان کے پیاروں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے ختم کرنے کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔