حیدر علی کیخلاف زیادتی کیس خارج کر دیا گیا

برطانوی پولیس کی تحقیقات کے دوران قومی کرکٹر پر عائد کیا گیا الزام ثابت نہ ہو سکا

muhammad ali محمد علی جمعرات 4 ستمبر 2025 00:16

حیدر علی کیخلاف زیادتی کیس خارج کر دیا گیا
لندن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 03 ستمبر2025ء) حیدر علی کیخلاف زیادتی کیس خارج کر دیا گیا، برطانوی پولیس کی تحقیقات کے دوران قومی کرکٹر پر عائد کیا گیا الزام ثابت نہ ہو سکا۔ تفصیلات کے مطابق برطانیہ میں قانونی مشکلات کا سامنا کرنے والے قومی کرکٹر حیدر علی کو بڑا قانونی ریلیف مل گیا جس کے بعد ان کی پاکستان واپسی کی راہ ہموار ہو گئی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق حیدر علی کے خلاف مانچسٹر پولیس نے مبینہ ریپ کا کیس خارج کردیا۔

برطانوی پولیس کے ذرائع کے مطابق حیدر علی کے خلاف زیادتی کا کیس ناکافی شواہد کی وجہ سے خارج کیا گیا، زیادتی کے الزام سے بری ہونے والے قومی کرکٹر کو آئندہ چند گھنٹوں میں پاسپورٹ بھی واپس مل جائے گا اور وہ آزادانہ طور پر برطانیہ آ اور جا سکیں گے۔

(جاری ہے)

میڈیا رپورٹس کے مطابق برطانوی پولیس نے حیدر علی کیخلاف عائد کیے گئے الزامات کی تحقیقات کیلئے اضافی وقت بھی لیا، اس دوران پولیس نے الزامات کی ہر ممکن اینگل سے تحقیقات کیں تاہم ان کیخلاف کیس ثابت کرنے کیلئے کوئی شواہد نہ مل سکے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق دوران تحقیقات معلوم ہوا کہ حیدر علی پر زیادتی کا الزام لگانے والی برٹش پاکستانی خاتون 23 جولائی کو پہلی بار حیدر علی سے مانچسٹر کے ہوٹل میں ملی تھی۔ خاتون کی حیدر علی سے دوسری ملاقات یکم اگست کو کینٹ کے علاقے ایشفورڈ میں ہوئی تھی۔ اس ملاقات کے بعد خاتون نے حیدر علی کیخلاف پولیس میں شکایت درج کروائی۔ لڑکی کی طرف سے زیادتی کے الزامات عائد کئے جانے کے دو ہفتوں کے بعد پولیس نے حیدر علی کو گرفتار کیا تھا۔

پولیس نے حیدر علی کو عین میچ کے دوران حراست میں لیا تھا۔ گرفتاری کے بعد دوران تحقیقات حیدر علی مسلسل خود پر عائد کیے جانے والے الزامات کی تردید کرتے رہے۔ ذرائع کے مطابق پولیس کی جانب سے کیس خارج کیے جانے کے بعد اب حیدر علی کی جلد پاکستان آمد متوقع ہے۔