سوڈان نے خرطوم میں کیمیائی ہتھیاروں کے استعمال سے متعلق امریکی الزامات مسترد کر دیئے

جمعرات 4 ستمبر 2025 08:50

خرطوم (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 ستمبر2025ء) سوڈان نے خرطوم میں کیمیائی ہتھیاروں کے استعمال سے متعلق امریکی الزامات مسترد کر دیئے ۔شنہوا کے مطابق سوڈانی حکومت نے دارالحکومت خرطوم میں کیمیائی ہتھیاروں کے استعمال سے متعلق امریکی الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسے کسی بھی زہریلے یا شعاعی (ریڈیائی) آلودگی کے شواہد موجود نہیں ہیں۔

وزارت صحت کی جانب سے جاری رپورٹ کے مطابق، فیلڈ ٹیسٹس، میڈیکل رپورٹس اور نگرانی کے ڈیٹا سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ خرطوم میں کسی قسم کی زہریلی اشیاء کی موجودگی کا کوئی ثبوت نہیں ملا۔ رپورٹ میں کہا گیا: "ریاست خرطوم میں نہ تو کیمیائی اور نہ ہی شعاعی آلودگی کے کوئی آثار پائے گئے ہیں۔وزارت کے مطابق، کسی قسم کی غیر معمولی اموات، اجتماعی بیماریوں یا زہریلے اثرات کی علامات رپورٹ نہیں ہوئیں، اور فرانزک رپورٹس میں بھی اموات کی کوئی غیر معمولی وجہ سامنے نہیں آئی۔

(جاری ہے)

رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ تابکاری کی سطح معمول کے مطابق ہے، کوئی ریڈیائی مواد منتقل نہیں ہوا، اور کسی مشتبہ گولہ بارود یا باقیات کا سراغ نہیں ملا۔یہ نتائج اپریل سے کی گئی فیلڈ تحقیقات کی بنیاد پر سامنے آئے، جب سوڈانی مسلح افواج (ایس اے ایف ) نے نیم فوجی تنظیم ریپڈ سپورٹ فورسز (آر ایس ایف ) سے خرطوم کا کنٹرول واپس حاصل کیا تھا۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ پیمائش کے لیے وہ آلات استعمال کیے گئے جو بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی اور کیمیائی ہتھیاروں کی ممانعت کی تنظیم ( اوپی سی ڈبلیو ) سے تصدیق شدہ ہیں۔یاد رہے کہ امریکا نے جون میں سوڈان پر 2024 کے دوران کیمیائی ہتھیار استعمال کرنے کے الزام میں پابندیاں عائد کی تھیں، جنہیں خرطوم نے اُس وقت "سیاسی دباؤ" اور "حقیقت کو مسخ کرنے" کی کوشش قرار دیا تھا۔

متعلقہ عنوان :