بیلاروس اور ازبکستان کا مشترکہ غیر ملکی تجارتی کمپنی قائم کرنے کا فیصلہ

جمعرات 4 ستمبر 2025 10:30

ویتبسک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 ستمبر2025ء) بیلاروس اور ازبکستان ایک مشترکہ خصوصی غیر ملکی تجارتی کمپنی قائم کرنے پر کام کر رہے ہیں جس کے دفاتر منسک اور تاشقند میں ہوں گے۔ بیلاروس کی خبررساں ایجنسی کے مطابق یہ بات ازبکستان کے نائب وزیر برائے سرمایہ کاری، صنعت و تجارت خورم تیشابایف نے ویتبسک میں تیسرے بیلاروس ازبکستان ویمنز بزنس فورم کے اجلاس کے دوران کہی۔

انہوں نے کہا کہ ازبکستان بیلاروس کے ساتھ تجارتی اور اقتصادی تعاون کو مضبوط بنانے کو خصوصی اہمیت دیتا ہے، تعمیری مکالمے کے باعث ہمارے ممالک کے درمیان تعلقات تمام شعبوں میں مستقل اور مستحکم ترقی کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بیلاروسی شراکت داروں کے ساتھ تجارت کو مزید فروغ دینے کے لیے ایک مشترکہ غیر ملکی تجارتی کمپنی قائم کرنے پر کام کیا جا رہا ہے جس کے دفاتر منسک اور تاشقند میں ہوں گے اور تجارتی ہاؤسز میں مستقل شو رومز قائم کیے جائیں گے، اس اقدام سے دونوں ملکوں کی منڈیوں میں مصنوعات کے مؤثر فروغ، لاجسٹکس اور کسٹمز کے طریقہ کار میں آسانی اور ترسیل کے وقت اور اخراجات میں کمی ممکن ہو گی،تعاون کا ایک اور مؤثر شعبہ زراعت ہے، ازبکستان بیلاروس میں استعمال ہونے والی جدید ٹیکنالوجیز اور مؤثر زرعی حل میں دلچسپی رکھتا ہے ۔

(جاری ہے)

ازبک نائب وزیر نے کہا کہ ازبکستان نے سرمایہ کاری اور کاروبار کے لیے ایک سازگار ماحول فراہم کیا ہے۔ ملک مکینیکل انجینئرنگ، ٹیکسٹائل، فوڈ اور دواسازی کی صنعت، الیکٹریکل انجینئرنگ اور تعمیراتی سامان کی پیداوار جیسے امید افزا شعبوں میں تعاون کے لیے تیار ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہماری شراکت داری کہیں زیادہ وسیع ہو سکتی ہے اور تکمیلیت اور مؤثر تعاون کی بنیاد پر ترقی کر سکتی ہے، ہم بیلاروسی کمپنیوں کو دعوت دیتے ہیں کہ وہ ازبکستان میں اعلیٰ معیار کی حامل مصنوعات کی مشترکہ پیداوار قائم کریں اور بعد ازاں انہیں جنوبی ایشیا کے ممالک کو برآمد کریں، ان ممالک کی مجموعی آبادی ڈیڑھ ارب سے زیادہ ہے، جو ایک بہت بڑی منڈی ہے۔

متعلقہ عنوان :