Live Updates

ملک میں مہنگائی آنے والے مہینوں میں کم ہونا شروع ہو جائے گی ، بینک آف سلووینیا

جمعرات 4 ستمبر 2025 10:30

لیوبلیانا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 ستمبر2025ء) وسطی یورپ کے ملک سلووینیا کے مرکزی بینک نے کہا ہے کہ ملک میں مہنگائی آنے والے مہینوں میں کم ہونا شروع ہو جائے گی اور اگلے سال یورپی مرکزی بینک کے 2 فیصد ہدف کے قریب پہنچ جائے گی۔ شنہوا کے مطابق یہ بات بینک آف سلووینیا کے ڈپٹی گورنر پریموژ ڈولینس نے جمعرات کو بتائی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اگست میں سلووینیا کی سالانہ مہنگائی کی شرح 3 فیصد تک جا پہنچی جو گزشتہ 16 ماہ کی بلند ترین سطح ہے، اس اضافے کی ایک وجہ رواں سال کے اوائل میں تمباکو، الکوحل اور ایندھن پر ایکسائز ڈیوٹیز میں اضافہ قرار دیا گیا ہے۔

ڈولینس نے کہا کہ ایکسائز ڈیوٹیز کا اثر آنے والے مہینوں میں کم ہو جائے گا جس سے مہنگائی میں کمی متوقع ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ سلووینیا کا مجموعی اقتصادی منظرنامہ مثبت ہے اور مرکزی بینک نے جون میں دی گئی اپنی پیش گوئی برقرار رکھی ہے کہ 2025 میں معیشت کی شرح نمو 1.3 فیصد رہے گی جو 2024 میں 1.7 فیصد تھی۔ڈولینس نے یہ بھی واضح کیا کہ ملک کا بینکاری شعبہ مستحکم ہے جس کی خصوصیات میں بلند لیکویڈیٹی اور نان پرفارمنگ لونز کی کم شرح شامل ہے۔ڈولینس جنوری سے قائم مقام گورنر کے طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں۔
Live مہنگائی کا طوفان سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :