حضور ﷺ نے مساوات ، بھائی چارے اور عدل و انصاف پر مبنی معاشرہ تشکیل دیا،شگفتہ نورین کاظمی

جمعرات 4 ستمبر 2025 14:15

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 ستمبر2025ء)نائب صدر وممبر آرگنائزنگ کمیٹی پاکستان پیپلزپارٹی خواتین ونگ آزاد جموں وکشمیر شگفتہ نورین کاظمی نے حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی 1500 سالہ ولادت باسعادت کی پوری امت مسلمہ کو مبارکباد پیش کی ہے۔اپنے خصوصی بیان میں شگفتہ نورین کاظمی نے کہا کہ حضور ﷺ نے مساوات،بھائی چارے اور عدل و انصاف پر مبنی معاشرہ تشکیل دیا اور رنگ، نسل،خاندان, زبان اور وطن سے بالاتر ایک امت و ملت کا قیام عمل میں لائے۔

(جاری ہے)

انھوں نے مزید کہا کہ ہمیں اللہ تعالیٰ کا شکر بجا لانا چاہیے کہ اس نے حضرت محمد خاتم النبیین ﷺ کو مبعوث فرما کر انسانیت پر احسان فرمایا اور ہمیں ان کا اُمتی ہونے کا شرف بخشا۔انھوں نے کہا ربیع الاول وہ مہینہ ہے جس میں خالقِ کائنات نے بنیِ نوع انسان کی دنیاوی اور اخروی کامیابی کے لیے نبی آخرالزماں حضرت محمد ﷺ کو مشعلِ راہ بنا کر بھیجا۔انھوں نے کہا کہ ہم اپنی زندگیوں کو سیرتِ نبوی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے سنہری اصولوں کی روشنی میں ڈھالنے اور اخلاقیات کی بہتری کے لیے بھرپور طور پر کوشاں رہیں گے۔