Live Updates

مال مویشیوں کی حفاظت اور دیکھ بھال بھی ہماری اولین ذمہ داری ہے ،سب ڈویژنل انفورسمنٹ آفیسر

جمعرات 4 ستمبر 2025 14:21

ساہیوال (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 ستمبر2025ء) سب ڈویژنل انفورسمنٹ آفیسر پیرا نعمان قیصر نے کہا ہے کہ سیلاب متاثرین کی بحالی کے ساتھ ساتھ ان کے مال مویشیوں کی حفاظت اور دیکھ بھال بھی ہماری اولین ذمہ داری ہے کیونکہ مویشی دیہی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں اور ان کی بقا براہِ راست کسانوں اور متاثرہ خاندانوں کی روزگار سے جڑی ہوئی ہے۔

وہ نورشاہ فلڈ ریلیف کیمپ میں متاثرہ خاندانوں کو مال مویشیوں کے لیے چارہ اور ونڈا تقسیم کرنے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔انہوں نے کہا کہ حکومتِ پنجاب اور ضلعی انتظامیہ ساہیوال متاثرین کو ہر سطح پر سہولتیں فراہم کرنے کے لیے دن رات کوشاں ہے۔ متاثرہ علاقوں میں جہاں انسانی جانوں کے تحفظ اور بنیادی طبی سہولیات کو یقینی بنایا جا رہا ہے وہیں مال مویشیوں کے لیے بھی خصوصی انتظامات کیے جا رہے ہیں تاکہ متاثرہ خاندانوں کو معاشی نقصان سے بچایا جا سکے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر درجنوں متاثرہ خاندانوں میں ان کے مویشیوں کے لیے معیاری چارہ اور ونڈا تقسیم کیا گیا جس پر متاثرین نے ضلعی انتظامیہ اور ایس ڈی ای او پیران نعمان قیصر کا شکریہ ادا کیا۔انہوں نے مزید کہا کہ سیلاب متاثرین کے لیے امدادی سرگرمیاں بلا تعطل جاری رہیں گی اور کسی بھی خاندان یا ان کے مویشیوں کو نظر انداز نہیں کیا جائے گا۔\378
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات