لاہور ہائیکورٹ نے پولیس حراست سے پانچ افراد کی بازیابی کی درخواست پولیس رپورٹ کی روشنی میں نمٹا دی

جمعرات 4 ستمبر 2025 15:26

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 ستمبر2025ء) لاہور ہائیکورٹ نے پولیس کی مبینہ غیر قانونی حراست سے پانچ افراد کی بازیابی کیلئے دائر درخواست پولیس رپورٹ کی روشنی میں نمٹا دی،جسٹس راجہ غضنفر علی خاں نے درخواست پر سماعت کی،درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ یکم ستمبر کو اس کے خاوند سمیت گھر کے پانچ افراد کو پولیس اہلکار پکڑ کر لے گئے،درخواست کے مطابق دس سے بارہ اہلکار سادہ کپڑوں میں گھر میں داخل ہوئے،ایک نے پولیس اہلکار اور دوسرے نے اپنا تعلق سی ٹی ڈی سے ظاہر کیا،درخواست گزار نے مزید الزام لگایا کہ پولیس اہلکاروں نے خواتین اور مردوں کو تشدد کا نشانہ بنایا اور اس کے خاوند عامر،ان کے بھائی سہیل اکرم،عمران،خرم اور ساس شہناز کوثر کو ساتھ لے گئے،خدشہ ہے کہ انہیں پولیس مقابلے میں قتل کر دیا جائے گا،اس لئے عدالت بازیابی کا حکم دے،دورانِ سماعت پولیس کی جانب سے رپورٹ پیش کی گئی جس میں بتایا گیا کہ ملزمان کے خلاف دو مقدمات درج ہیں اور وہ اشتہاری ہیں،سرکاری وکیل نے موقف اپنایا کہ ملزمان ریکارڈ یافتہ ہیں جبکہ ملزمان کے وکیل نے کہا کہ تصفیہ کے بعد مقدمات سے ڈسچارج ہو چکے ہیں،عدالت نے پولیس رپورٹ کی روشنی میں درخواست نمٹا دی۔