باغ کے عوام زندہ دل اور خدمت خلق سے سرشار ہے،ڈپٹی کمشنر باغ

پاکستان سے آئے ہوئے سیاحوں کو سردار یاسر چغتائی، سردار صدام مغل، آصف لون، سردار عثمان اخلاق نے اپنی جان پر کھیل کر بچایا

جمعرات 4 ستمبر 2025 16:19

باغ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 ستمبر2025ء)ڈپٹی کمشنر باغ راجہ محمد صداقت نے کہا ہے کہ مون سون بارشوں کے دوران انتظامیہ سے ملکر عوام نے جس طرح متاثرین کی مدد کی وہ لائق تحسین ہے، سنی کس ریڑھ کے نالے میں پھنسے ہوئے پاکستان سے آئے ہوئے سیاحوں کو سردار یاسر چغتائی، سردار صدام مغل، آصف لون، سردار عثمان اخلاق نے اپنی جان پر کھیل کر بچایا جس پر انکو مبارکباد پیش کرتے ہیں، نوجوانوں کے یہ جذبے انتظامیہ کو کسی بھی مشکل میں مایوس نہیں ہونے دیتے باغ کے نوجوان قابل فخر ہیں جو ہر مشکل وقت میں اپنے اداروں کیساتھ کھڑے رہتے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے تحصیل ریڑھ کے مقام پرمون سون بارشوں کے دوران سنی کس میں پھنسنے والے سیاحوں کو بچانے والے چار نوجوانوں کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر عفت اعظم، اسسٹنٹ کمشنر ریڑھ سید قمر عباس کاظمی، اسسٹنٹ کمشنر باغ سید کلیم عباس، ممبر ضلع کونسل سردار خلیل کے علاوہ انجمن تاجران ریڑھ، شہریان، سول سو سائٹی کے نمائندگان کی کثیر تعداد موجود تھی۔

تقریب میں چار نوجوانوں سردار یاسر چغتائی، سردار صدام مغل، آصف لون، سردار عثمان اخلاق کو تعریفی سر ٹیفکیٹس دیئے گئے اور انکے جرت مندانہ اقدام پر انہیں خراج تحسین پیش کیا گیا، تقریب کی میزبانی اسسٹنٹ کمشنر ریڑھ سید قمر عباس کاظمی نے کی اس موقع پر سیاسی و سماجی رہنماں نے گفتگو کرتے ہوئے باغ انتظامیہ کے اعلی آفیسران اور تحصیل ریڑھ کے اے سی سید قمر عباس کاظمی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ مون سون بارشوں کے دوران انتظامیہ نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنایا ہے عوام ہر مشکل میں انتظامی اداروں کیساتھ کھڑی ہے اور ملکر ہر مشکل کا مقابلہ کریں گے۔

بعد ازاں ڈپٹی کمشنر باغ اور انکی ٹیم نے ریڑھ بائی پاس روڈ کا معائنہ بھی کیا اور متعلقہ محکمہ جات کو بائی پاس سمیت سنی کس اور دیگر جگہوں پر ہنگامی حالات میں بہتری کے لیے احکامات بھی جاری کیے۔