Live Updates

سیلابی صورتحال کے باعث آشوبِ چشم کی وباء پھوٹ پڑی، الرٹ جاری

سیلابی پانی کو کسی بھی کھانے پینے، ہاتھ منہ دھونے یا نہانے کے لیے استعمال نہ کریں؛ این ڈی ایم اے کا مشورہ

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 4 ستمبر 2025 15:53

سیلابی صورتحال کے باعث آشوبِ چشم کی وباء پھوٹ پڑی، الرٹ جاری
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 04 ستمبر 2025ء ) ملک میں جاری سیلابی صورتحال کے باعث آشوبِ چشم کی وباء پھوٹ پڑی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق حالیہ سیلابی صورتحال کی وجہ سے آشوب چشم کی وباء پھیلنا شروع ہوگئی ہے، جس کے باعث ہسپتالوں کی او پی ڈیز میں روزانہ کی بنیاد پر آشوب چشم کے مریضوں کی تعداد بڑھ چکی ہے اور ایک محتاط اندازہ ہے کہ ہسپتالوں میں روزانہ کی بنیاد پر 60 سے 70 فیصد مریض آشوب چشم کی شکایات کے ساتھ آرہے ہیں جن میں بچے بڑے دونوں ہی شامل ہیں۔

اس حوالے سے طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ سیلابی پانی میں موجود کیچڑ اور دیگر آلودگی آشوبِ چشم کے پھیلاؤ کا سبب بن رہی ہے جو آنکھوں کی شدید سرخی، خارش اور آنکھوں سے پانی بہنے کا سبب بنتی ہے، اگر فوری علاج نہ کیا جائے تو یہ وباء دیگر افراد میں بھی تیزی سے منتقل ہوسکتی ہے، اس لیے شہریوں کو صفائی کا خاص خیال رکھنے، گندے ہاتھوں سے آنکھوں کو نہ چھونے اور متاثرہ افراد سے غیر ضروری قریبی رابطے سے گریز کرنے کا مشورہ دیا جاتا ہے۔

(جاری ہے)

ملک میں قدرتی آفات سے نمٹنے والے ادارے این ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ مون سون کے دوران سیور بیج کا گندہ پانی بھی برساتی پانی کے ساتھ شامل ہو جاتا ہے، سیلابی اور برساتی پانی میں موجود جراثیم متعدد بیماریوں کا باعث بنتے ہیں، اس دوران ضروری ہے کہ شہری صفائی کا خاص خیال رکھیں، گندے پانی سے دور رہیں، سیلابی پانی کو کسی بھی کھانے پینے، ہاتھ منہ دھونے یا نہانے کے لیے استعمال نہ کریں اور طبیعت زیادہ خراب ہو تو ڈاکٹر سے رجوع کریں۔                                                       
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :