لاہور ہائیکورٹ،مبینہ اغوا کا معاملہ ٹرین حادثہ نکلا،عدالت نے درخواست نمٹا دی

جمعرات 4 ستمبر 2025 17:01

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 ستمبر2025ء) لاہور ہائیکورٹ میں محمد عثمان اللہ دتہ کی مبینہ اغوا بازیابی کیس کی سماعت کے دوران اہم پیش رفت سامنے آئی جب پولیس نے عدالت میں پیش کی گئی اپنی تفصیلی رپورٹ میں انکشاف کیا کہ وہ ٹرین سے گر کر جاں بحق ہو چکے ہیں جس پر عدالت نے درخواست نمٹا دی۔چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس عالیہ نیلم نے کیس کی سماعت کی۔

(جاری ہے)

عدالت کے حکم پر پولیس نے بتایا کہ مبینہ مغوی کے حوالے سے مسلسل ہفتہ وار رپورٹ عدالت میں جمع کرائی جاتی رہی،تاہم تحقیقات کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ24 جولائی2025 کو ضلع شیخوپورہ کے تھانہ فیروزوالا کی حدود میں ایک نا معلوم شخص ٹرین سے گر کر جاں بحق ہو گیا تھاجسے لاوارث قرار دے کر مقامی قبرستان میں دفنا دیا گیا۔بعد ازاں اس شخص کی شناخت محمد عثمان اللہ دتہ کے نام سے ہوئی۔

رپورٹ کے مطابق مغوی کی تلاش کےلئے پارکس،لاری اڈوں،ریلوے سٹیشنز،مردہ خانوں اور ریسکیو1122 سمیت مختلف ذرائع سے معلومات حاصل کی گئیں جبکہ دیگر تھانوں سے بھی تفصیلات لی گئیں۔ مغوی کے اغوا کا مقدمہ تھانہ داتا دربار لاہور میں درج کیا گیا تھا،عدالت نے پولیس رپورٹ کی روشنی میں محمد عثمان اللہ دتہ کے اغوا و بازیابی سے متعلق دائر درخواست نمٹا دی۔