روس کا جوابی اقدام، اسٹونیا کے سفارتکار کو ملک بدر کرنے کا فیصلہ

جمعرات 4 ستمبر 2025 17:03

ماسکو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 ستمبر2025ء) روس نے اسٹونیا کے ایک سفارتکار کو ملک بدر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ تاس کے مطابق روسی وزارت خارجہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ماسکو میں اسٹونیا کے ناظم الامور مارک اوہٹیگی کو طلب کر کے آگاہ کیا گیا ہے کہ اسٹونیا کے ایک سفارتکار کو روس سے بے دخلی کے فیصلے کے تحت ملک چھوڑنا ہوگا، یہ اقدام اسٹونیا کی جانب سے روسی سفارتکار کو ملک بدر کرنے کے جواب میں کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

وزارت کے بیان کے مطابق 4 ستمبر کو روسی وزارت خارجہ نے ماسکو میں اسٹونیا کے ناظم الامور مارک اوہٹیگی کو طلب کیا، اس موقع پر اسٹونیا کے اس فیصلے پر پرزور احتجاجی نوٹ دیا گیا جس کے تحت 13 اگست کو بغیر کسی جواز کے تالین میں تعینات روسی سفارتکار کو ناپسندیدہ شخصیت قرار دیا گیا تھا۔بیان میں مزید کہا گیا کہ باہمی اصول جواب دہی کے تحت فیصلہ کیا گیا ہے کہ ماسکو میں موجود اسٹونیا کے سفارتخانے کے ایک سفارتکار کو ملک سے نکالا جائے گا۔وزارت خارجہ نے زور دے کر کہا کہ اسٹونیا کی جانب سے کسی بھی قسم کی معاندانہ کارروائی کا جواب ضرور دیا جائے گا اور اسے ہرگز نظرانداز نہیں کیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :