الیکشن ٹریبونل لاہور ، چوہدری پرویز الہی و دیگر کی درخواستیں خارج،پی پی 32 اور حلقہ این اے64 میں الیکشن درست قرار

جمعرات 4 ستمبر 2025 17:03

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 ستمبر2025ء) الیکشن ٹریبونل لاہور نے چوہدری پرویز الہی اور ان کی اہلیہ قیصرہ الہی کی پی پی32 اور حلقہ این اے 64 میں الیکشن کے خلاف انتخابی عذرداری کی درخواستیں خارج کر دیں اور پی پی 32 اور حلقہ این اے64 میں الیکشن درست قرار دے دیئے،جسٹس (ر) محمود مقبول باجوہ نے محفوظ کیا گیا فیصلہ سنایا،قبل ازیں ٹربیونل نے سماعت مکمل ہونے پر فیصلہ محفوظ کرلیا تھا، ٹربیونل کے روبرو چوہدری پرویز الہی نے پی پی32 گجرات سے موسی الہی کی کامیابی کو چیلنج کیا تھا جبکہ قیصرہ الہی کی طرف سے حلقہ این اے64 سے سالک حسین کی کامیابی کو چیلنج کیا گیا تھا،درخواست میں الیکشن کمیشن اور کامیاب امیدوار چوہدری سالک حسین سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا تھا،درخواستوں میں موقف اختیار کیا گیا کہ الیکشن کمیشن نے سالک حسین اور موسی الہی کی کامیابی کے غلط نوٹیفکیشن جاری کئے،وکیل نے نکتہ اٹھایاکہ فارم45 کے تحت کامیاب قرار دیئے گئے امیدوار تیسرے نمبر پر رہے ہیں،الیکشن کمیشن نے فارم47 میں چوہدری سالک حسین کو کامیاب قرار دیا،ٹربیونل الیکشن کمیشن کامیابی کا جاری نوٹیفکیشن کاالعدم قرار دیے،دوران سماعت دونوں کا میاب امیدواروں کے وکلا نے تمام الزامات کو مسترد کیا،جس کے بعد ٹربیونل نے فیصلہ سناتے ہوئے پی پی32 اور حلقہ این اے64 میں الیکشن درست قرار دے دیئے اور دائر درخواستیں خارج کر دیں ۔