Live Updates

پشاور میڈیکل کالج سوشل ویلفیئر سوسائٹی کی جانب سے متاثرین سیلاب کے لیے امدادی اشیاء کی فراہمی

جمعرات 4 ستمبر 2025 17:17

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 ستمبر2025ء) پشاور میڈیکل کالج (پی ایم سی) کی سوشل ویلفیئر سوسائٹی نے حی علی الفلاح تنظیم کے تعاون سے بونیر اور سوات کے سیلاب زدہ اضلاع میں تین روزہ ریلیف مہم کامیابی کے ساتھ مکمل کی۔تر جمان پشاور میڈیکل کالج کے مطابق یہ اقدام اس وژن کی واضح عکاسی کرتاہے کہ مستقبل کے معالجین میں انسانیت، ہمدردی اور خدمتِ خلق کے جذبے کو پروان چڑھایا جائے۔

مہم کے دوران بونیر کے 133 اور سوات کے 40 متاثرہ خاندانوں کو ریلیف پیکجز فراہم کیے گئے۔ اس مقصد کے لیے مجموعی طور پر 51 لاکھ 37 ہزار 450 روپے خرچ کیے گئے، جبکہ ایک ٹرک میں جمع شدہ عطیات جن میں کپڑے، جوتے، کمبل، برتن اور گھریلو استعمال کی دیگر اشیاء شامل تھیں، بھی متاثرین میں تقسیم کی گئیں ۔

(جاری ہے)

ریلیف آپریشن کی قیادت صدر سوشل ویلفیئر سوسائٹی جنید علی نے کی، جنہوں نے پرعزم طلبہ رضاکاروں کی ٹیم کے ہمراہ دن رات محنت کر کے سب سے زیادہ متاثرہ اور ضرورت مند خاندانوں تک بروقت امداد پہنچائی۔

یہ اقدام پی ایم سی کے مستقل عزم کو ظاہر کرتا ہے کہ اپنے طلبہ میں صرف پیشہ ورانہ مہارت ہی نہیں بلکہ خدمتِ انسانیت، ہمدردی اور سماجی ذمہ داری کا جذبہ بھی پیدا کیا جائے تاکہ وہ مستقبل میں صرف کامیاب ڈاکٹر ہی نہیں بلکہ معاشرے کے لیے ہمدرد رہنما اور مشکل وقت کے سچے مددگار بھی بن سکیں۔واضح رہے کہ اس سے قبل سوشل ویلفیئر سوسائٹی نے 17 اگست سے 27 اگست تک کالج میں عطیات جمع کرنے کے لیے خصوصی کیمپ بھی لگایا تھا جس میں طلبہ و اساتذہ نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :