لیسکو کی بجلی چوروں کے خلاف کارروائی، غیر قانونی کنکشن منقطع

جمعرات 4 ستمبر 2025 17:21

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 ستمبر2025ء) لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی ( لیسکو ) کے چیف ایگزیکٹوانجینئرمحمد رمضان بٹ کی خصوصی ہدایت پر بجلی چوروں کے خلاف سخت کریک ڈائون جاری ہے۔ اسی سلسلے میں لیسکو ایسٹرن سرکل کے سپرنٹنڈنگ انجینئر عمر بلال کی زیر نگرانی میں انچارج لیسکو ڈی ایس یو یونٹ شہزاد جاوید نے رینجرز کے ہمراہ جلو پارک کے قریب سکائی لینڈ چوک پر واقع اٹک پٹرول پمپ کا کنکشن چیک کیا۔

چیکنگ کے دوران اٹک پٹرول پمپ ڈائریکٹ سپلائی میں ملوث پایا گیا۔

(جاری ہے)

پٹرول پمپ کی مشینیں،ایئر کنڈیشنرز،کمپریسرز،دو سروس اسٹیشنز، ٹائر شاپ،آفس اور نجی دکانیں غیر قانونی کنکشن سے چلائی جا رہی تھیں جس سے لیسکو کو ماہانہ لاکھوں روپے کا نقصان پہنچ رہا تھا۔انچارج ڈی ایس یو یونٹ شہزاد جاوید نے موقع پر کارروائی کرتے ہوئے تمام تاریں قبضہ میں لے لیں اور غیر قانونی کنکشن منقطع کر دیئے۔رینجرز اور پولیس کی مدد سے موقع پر موجود ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا جبکہ ایف آئی آر کے اندراج کے لیے متعلقہ تھانہ میں درخواست بھی جمع کرا دی گئی ہے۔ محکمہ کی جانب سے بجلی چوری کے ذمہ داروں پر بھاری ڈٹیکشن بل بھی عائد کیا جائے گا۔