صوبائی وزیر کھیل کا خواتین کا سب سے بڑا سپورٹس ایونٹ کھیلتا پنجاب پنک گیمزکروانے کا فیصلہ

کھیلتا پنجاب پنک گیمز اکتوبر کے آخری ہفتے میں کروانے کے لیے حتمی پلان مرتب کیا جائے‘فیصل ایوب کھوکھر

جمعرات 4 ستمبر 2025 17:54

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 ستمبر2025ء)صوبائی وزیر کھیل پنجاب ملک فیصل ایوب کھوکھر نے پنجاب میں خواتین کا سب سے بڑا سپورٹس ایونٹ کروانے کا فیصلہ کیا ہے۔نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں کھیلتا پنجاب پنک گیمز کے حوالے سے ہونے والے اجلاس میں سیکرٹری سپورٹس مظفر خان سیال اور ڈی جی سپورٹس خضر افضال چودھری نے شرکت کی ہے ۔صوبائی وزیر کھیل پنجاب ملک فیصل ایوب کھوکھر نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ کھیلتا پنجاب پنک گیمز اکتوبر کے آخری ہفتے میں کروائے جائیں گے، کھیلتا پنجاب پنک گیمز میں 3000سے زائد خواتین کھلاڑی شریک ہوں گے،پنجاب کے تمام ڈویژن سے پنک گیمز میں خواتین کھلاڑیوں کے دستے شریک ہوں گے،اس مرتبہ پنک گیمز میں سپورٹس ڈسپلن کو بڑھایا جارہا ہے جن میں ان ڈور و آؤٹ ڈور کے تمام بڑے کھیل اس ایونٹ کا حصہ ہوں گے،پنک گیمز میں کروڑوں روپے کے انعامات دیئے جائیں گے،وزیرکھیل پنجاب ملک فیصل ایوب کھوکھر نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر کھیلوں کے فروغ کے لیے خصوصی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

پنجاب میں کھیلوں کے میدان آباد کرنے اور نوجوانوں کو زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کرنے کے لیے یہ ایونٹ ایک تاریخی سنگ میل ثابت ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ کھیلتا پنجاب پنک گیمز کے ذریعے نہ صرف نوجوانوں کی صلاحیتوں کو اجاگر کیا جائے گا بلکہ ایک صحت مند معاشرہ تشکیل دینے میں بھی مدد ملے گی۔ صوبائی وزیر کھیل پنجاب ملک فیصل ایوب کھوکھرنے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ کھیلتا پنجاب پنک گیمز کے شیڈول کو اکتوبر کے آخر تک حتمی شکل دی جائے اور رجسٹریشن کے عمل کو تیز تر بنانے کے لیے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کا بھرپور استعمال کیا جائے۔