Live Updates

پہلے خواتین بلائنڈ کرکٹ ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں پاکستان کے میچز نیپال سے کولمبو منتقل

بدھ 17 ستمبر 2025 13:24

پہلے  خواتین بلائنڈ کرکٹ ٹی ٹونٹی  ورلڈ کپ میں پاکستان کے میچز نیپال ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 ستمبر2025ء) نیپال میں کشیدہ حالات کی وجہ سے پہلے خواتین بلائنڈ کرکٹ ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں پاکستان کے میچز نیپال سے سری لنکا کے دارالحکومت کولمبو منتقل کردیئے گئے ہیں۔ پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل کے چیئرمین اور ورلڈ بلائنڈ کرکٹ لمیٹڈ کے صدر سید سلطان شاہ نے اے پی پی کو بتایا کہ پہلا خواتین بلائنڈ کرکٹ ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ آئندہ ماہ 11 سے 25 نومبر تک بھارت اور نیپال میں کھیلا جانا تھا اور پاکستان کے میچز نیپال میں کھیلے جانے تھے تاہم نیپال میں کشیدہ حالات کی وجہ سے پاکستان خواتین بلائنڈ کرکٹ ٹیم کے تمام میچز نیپال سے کولمبو منتقل کردیئےگئے ہیں ، اب پاکستان اپنے تمام میچز کھٹمنڈو کی بجائے کولمبو میں کھیلے گا، اگر پاکستان سیمی فائنل اور فائنل تک رسائی حاصل کر لیتا ہے تو یہ میچز بھی کولمبو میں ہی کھیلے جائیں گے۔

(جاری ہے)

اگر پاکستان سیمی فائنل اور فائنل تک رسائی حاصل نہیں کرتا تو پھر یہ بھارت کے شہر بنگلور میں کھیلے جائیں گے۔ سید سلطان شاہ نے بتایا کہ ورلڈ بلائنڈ کرکٹ لمیٹڈ کا 27 واں اجلاس 14 اور 15 نومبر کو نیپال کے شہر کھٹمنڈو میں منعقد ہونا تھا تاہم یہ اجلاس بھی نیپال سے کولمبو منتقل کردیا گیا ہے۔ یہ دونوں فیصلے ورلڈ بلائنڈ کرکٹ لمیٹڈ کے اجلاس میں کئے گئے جس کی صدارت ورلڈ بلائنڈ کرکٹ لمیٹڈ کے صدر سید سلطان شاہ نے کی۔ اجلاس بھارت کی میزبانی میں ہوا۔ سید سلطان شاہ نے بتایا کہ خواتین بلائنڈ کرکٹ ورلڈ کپ کےلئے قومی خواتین ٹیم کا اعلان آئندہ ماہ اکتوبر میں کیا جائے گا۔ پاکستان نے اس سے قبل قومی کھلاڑیوں کو شارٹ لسٹ کردیا تھا تاہم حتمی ٹیم کا اعلان اکتوبر میں کیا جائے گا۔ \395
Live ایشیاء کپ سے متعلق تازہ ترین معلومات