چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا سے ترک فضائیہ کے کمانڈر جنرل ضیاء کمال کادی اوغلو کی ملاقات

جمعرات 4 ستمبر 2025 20:30

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 ستمبر2025ء) ترک فضائیہ کے کمانڈر جنرل ضیاء کمال کادی اوغلو نے پاکستان کے سرکاری دورے کے دوران جوائنٹ سٹاف ہیڈکوارٹرز راولپنڈی میں چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا سے ملاقات کی۔

(جاری ہے)

آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات کے دوران دونوں رہنمائوں نے پیشہ ورانہ امور پر تفصیلی گفتگو کی، بالخصوص بدلتے ہوئے عالمی و علاقائی جیو سٹریٹجک ماحول، مشترکہ سٹریٹجک ترجیحات اور خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے دوطرفہ تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔

دونوں فریقین نے آزمودہ سٹریٹجک دوستی کو مزید مستحکم بنانے اور دفاعی و سکیورٹی تعاون کو بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔مہمان شخصیت نے پاک افواج کے پیشہ ورانہ معیار، دہشت گردی کے خلاف کامیابیوں اور قربانیوں کے ساتھ ساتھ خطے میں امن و استحکام کے لیے جاری کوششوں کو سراہا۔اس سے قبل جوائنٹ سٹاف ہیڈکوارٹرز آمد پر تینوں مسلح افواج کے چاق و چوبند دستے نے معزز مہمان کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔