Live Updates

سیلاب زدہ علاقوں میں پھنسے افراد اور مویشیوں کو ریسکیو کیلئے سیف سٹی تھرمل امیجنگ ٹیکنالوجی اور ڈرون کیمرے استعمال کر رہے ہیں۔ترجمان پنجاب پولیس

جمعرات 4 ستمبر 2025 20:50

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 ستمبر2025ء) وزیر اعلی پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر پنجاب پولیس کے سیلاب متاثرہ علاقوں میں ریسکیو اینڈ ریلیف آپریشن تیزی سے جاری ہیں۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہاہے کہ سیلاب زدہ علاقوں میں پھنسے افراد اور مویشیوں کو ریسکیو کرنے کیلئے سیف سٹی تھرمل امیجنگ ٹیکنالوجی اور ڈرون کیمرے استعمال کر رہے ہیں۔

ترجمان نے تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ اب تک پنجاب پولیس سیلاب سے متاثرہ اضلاع سے 3لاکھ 48ہزار 907متاثرین کا انخلا یقینی بنا چکی ہے جن میں 1لاکھ 36ہزار 540مرد،1لاکھ 03ہزار 509خواتین جبکہ 1لاکھ 8ہزار 858بچوں کو ریسکیو کیا گیا ہے۔مزید برآں شہریوں کے کروڑوں روپے مالیت کے 4 لاکھ 70 ہزار 83 مویشیوں کو بھی سیلاب زدہ علاقوں سے نکال کر محفوظ مقامات تک پہنچایا گیا۔

(جاری ہے)

آئی جی پنجاب نے شاہدرہ، ملتان، قصور، وہاڑی، لودھراں اور میلسی سمیت صوبہ بھر کے متاثرہ علاقوں میں سیلابی صورتحال کے پیش نظر پولیس کو ہائی الرٹ رہنے اور انخلا والے علاقوں میں سکیورٹی، سرویلنس اور پٹرولنگ بڑھانے کی ہدایت کی ہے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب پولیس حالیہ غیرمعمولی سیلابی صورتحال میں متاثرین کے ریسکیو، ریلیف اور بحالی کے لئے دیگر اداروں کے شانہ بشانہ ہے۔قیمتی انسانی جانیں بچانے کے لئے غیر معمولی جرات اور بہادری کا مظاہرہ کرنے والے پولیس افسران و اہلکاروں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات