خیبرپختونخواہ حکومت کا جعلی اور غیرمعیاری ادویات کی روک تھام کیلئے سخت کاروائی کا فیصلہ

صوبہ بھر میں جعلی ادویات پر کڑی نظر رکھی جائے، عوام کو علاج معالجے کی معیاری سہولیات پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعرات 4 ستمبر 2025 21:52

خیبرپختونخواہ حکومت کا جعلی اور غیرمعیاری ادویات کی روک تھام کیلئے ..
پشاور ( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی پی اے ۔ 04 ستمبر 2025ء ) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین خان گنڈاپور نے کہا ہے کہ جعلی اور غیرمعیاری ادویات کی روک تھام کیلئے سخت کاروائیاں کی جائیں، صوبہ بھر میں جعلی ادویات پر کڑی نظر رکھی جائے، عوام کو علاج معالجے کی معیاری سہولیات پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین خان گنڈاپور کی زیرصدارت محکمہ صحت کا اجلاس۔

مشیر صحت احتشام علی اور محکمہ صحت کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں محکمہ صحت کے ذیلی ادارے ڈائریکٹریٹ آف ڈرگ کنٹرول اینڈ فارمیسی سروسز کی گزشتہ مہینوں کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ متعلقہ حکام نے طرف سے وزیراعلیٰ کو ادارے کے دائرہ کار و مقاصد، مالی و انتظامی امور، ریگولیٹری فریم ورک اور کارکردگی بارے تفصیلی بریفنگ دی۔

(جاری ہے)

بریفنگ میں بتایا گیا کہ جنوری سے جون تک 6 ماہ کے دوران ادارے نے 6815 انسپکشنز  کیے اور ادویات کے 6935 نمونوں کا معائنہ کیا، ان نمونوں میں سے 214 کو غیر معیاری اور 84 کو غیر رجسٹرڈ قرار دیا گیا، اسی طرح 69 نمونوں کو جعلی اور 78 کو مس برانڈڈ قرار دیا گیا۔ ادویات کی 70 دوکانوں کو سیل کیا گیا اور 23 کے خلاف ایف آئی آرز درج کی گئیں، اس کے علاؤہ 944 غیر قانونی آئٹمز قبضے میں لیے گئے، ڈرگ کورٹ میں 1198 کیسز درج کیے گئے اور 347 کیسز کا فیصلہ سنایا گیا، اس عرصہ کے دوران 61 لاکھ روپے سے زائد جرمانے عائد کیے گئے، ڈرگ ٹیسٹنگ لیبارٹریز میں ماہانہ ایک ہزار سے زائد نمونوں کا ٹیسٹ کیا گیا، اجلاس میں ادارے کے تحت مختلف اصلاحاتی اقدامات پر بھی بریفنگ دی گئی۔

موجودہ ڈرگ ٹیسٹنگ لیبارٹریز کو ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کے معیار سے ہم آہنگ کیا جا رہا ہے، 2 عدد فعال موبائل ڈرگ ٹیسٹنگ لیبارٹریز کے ذریعے موقع پر اسکریننگ بھی کی جاتی ہے، 5 مزید موبائل ڈرگ ٹیسٹنگ لیبارٹریز کے قیام پر کام جاری ہے، سوات اور ڈی آئی خان میں ڈرگ ٹیسٹنگ لیبارٹریز کے قیام پر کام جاری ہے، ڈرگ انسپکٹرز کی طرف سے ماہانہ پراگرس رپورٹ آن لائن پورٹل پر شیئر کی جاتی ہے، میڈیسن کوارڈینیشن سیل کے ذریعے معیاری ادویات و طبی آلات کی خریداری کی جاتی ہے۔

علی امین گنڈاپورنے کہا کہ ادویات کے معیار کو یقینی بنانے میں ادارے کا اہم کردار ہے، ادارے کو مزید مستحکم، فعال اور اسے جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لئے اقدامات کئے جائیں، لوگوں کو علاج معالجے کی معیاری سہولیات کی فراہمی ہماری اولین ترجیح ہے، اس پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، صوبہ بھر میں جعلی اور غیر  معیاری ادویات پر کڑی نظر رکھی جائے، غیر معیاری اور جعلی ادویات کی روک تھام کے لئے مزید موثر کاروائیاں عمل میں لائی جائیں۔