Live Updates

مریم نواز کی سنگین غلطی

وزیر اعلٰی پنجاب نے 2023 میں "او ایل ایکس" پر لگائی گئی تصویر کو سیلابی علاقے کی تصویر بتا کر ٹوئٹ کر دی

muhammad ali محمد علی جمعرات 4 ستمبر 2025 20:37

مریم نواز کی سنگین غلطی
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 04 ستمبر2025ء) مریم نواز کی سنگین غلطی، وزیر اعلٰی پنجاب نے 2023 میں "او ایل ایکس" پر لگائی گئی تصویر کو سیلابی علاقے کی تصویر بتا کر ٹوئٹ کر دی۔ تفصیلات کے مطابق وزیر اعلٰی پنجاب مریم نواز سوشل میڈیا پر کی گئی ایک پوسٹ کے باعث سوشل میڈیا صارفین کی تنقید اور طنز کی زد میں آگئیں۔ سوشل میڈیا پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی پوسٹ کے عنوان سے ایک پورٹیبل واش روم کی تصویر وائرل ہورہی ہے جس پر صارفین شدید تنقید کررہے ہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے چند روز قبل اپنے ایکس (سابقہ ٹوئٹر) اکاؤنٹ پر ایک تصویر شیئر کی تھی، جس میں ایک جدید پورٹیبل واش روم دکھایا گیا تھا۔ تصویر کے کیپشن میں لکھا گیا تھا کہ یہ واش روم سیلاب متاثرین کے لیے چنیوٹ کے ریلیف کیمپ میں لگایا گیا ہے۔

(جاری ہے)

تاہم اس تصویر کو سوشل میڈیا پر شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا، کیونکہ صارفین نے نشاندہی کی کہ یہی تصویر 2023 میں او ایل ایکس پر ایک اشتہار میں بھی موجود تھی۔

مریم نواز کے ٹویٹ پر کئی صارفین نے اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ نے پرانی تصویر کو نیا بنا کر پیش کیا ہے، بعض نے تو اسے جعلی خبر قرار دے دیا۔ بعد ازاں صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ زاہد بخاری نے تصاویر و ویڈیوز شیئر کیں، جن میں واضح طور پر دکھایا گیا کہ چنیوٹ کے ریلیف کیمپ میں واقعی ایسے پورٹیبل واش رومز تیار اور نصب کیے گئے ہیں۔ ان تصاویر میں جیومیٹرک ٹیگز بھی شامل کیے گئے تاکہ اس بات کی تصدیق ہوسکے کہ فوٹیج موجودہ وقت میں ہی بنائی گئی ہے۔
                                      
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات