Live Updates

پورا گجرات شہر ڈوب گیا

شہر کی تمام سڑکیں 2 سے 3 فٹ پانی میں ڈوب گئیں، کئی گھنٹے گزر جانے کے باوجود پانی کی نکاسی نہ کی جا سکی

muhammad ali محمد علی جمعرات 4 ستمبر 2025 21:31

پورا گجرات شہر ڈوب گیا
گجرات (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 04 ستمبر2025ء) پورا گجرات شہر ڈوب گیا، شہر کی تمام سڑکیں 2 سے 3 فٹ پانی میں ڈوب گئیں، کئی گھنٹے گزر جانے کے باوجود پانی کی نکاسی نہ کی جا سکی۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب کے گنجان آباد ضلع گجرات میں مسلسل اور طوفانی بارش کے بعد تشویش ناک صورتحال ہے۔ ضلع گجرات میں 577 ملی میٹر کی ریکارڈ بارش نے تباہی مچادی، برساتی نالے بپھر گئے، کئی دیہات ڈوب گئے۔

گجرات شہرمیں بارش کے بعد 6 نالے بپھر گئے ہیں، قمرسیالوی روڈ نالہ اوورفلو ہونے سے پانی شہر میں داخل ہوگیا۔ نجی ٹی وی چینل اے آر وائی نیوز کے مطابق گجرات شہر کی ایسی کوئی سڑک نہیں جو پانی میں نہ ڈوبی ہو۔ شہر کی سڑکوں پر 2 سے 3 فٹ پانی جمع ہے جس کے باعث شپر میں معمولات زندگی مفلوج ہوکر رہ گئے۔

(جاری ہے)

شہری علاقوں میں پانی مکانوں اور دکانوں میں داخل ہوگیا، سیلاب سے عمارت کی بنیادیں کمزور ہو جانے سے جلال پور جٹاں میں 2 منزلہ خالی عمارت گر گئی۔

اس تمام صورتحال میں ضلعی انتظامیہ نے ضلع بھر کے تعلیمی ادارے بند رکھنے کا اعلان کر دیا۔ شہر سے پانی کی نکاسی کے لیے گوجرانوالہ سے مشینری منگوا لی گئی۔ اس تمام صورتحال میں صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے کہا ہے کہ کشمیر سے آنے والے سیلابی ریلا نے گجرات شہر کی تباہی کی ۔ سیلاب کے باعث گاوں لوراں اور مدینہ سیداں کا حفاظتی بند ٹوٹ گیا ہے۔ گجرات کی تاریخ میں پہلی مرتبہ طوفانی بارشوں سے اتنا زیادہ سیلاب آیا ہے۔ گجرات شہر سے پانی نکالنے کیلئے ایک عارضی نالہ بنایا جارہا ہے جو شہر کے پانی کو دریائے چناب میں پھینکے گا ۔                                      
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات