Live Updates

پنجاب حکومت گندم کی قیمت میں اضافہ روکنے میں ناکام

کسانوں سے 2100 روپے میں خریدی گئی گندم کی قیمت 3700 روپے تک پہنچ گئی

muhammad ali محمد علی جمعرات 4 ستمبر 2025 20:54

پنجاب حکومت گندم کی قیمت میں اضافہ روکنے میں ناکام
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 04 ستمبر2025ء) پنجاب حکومت گندم کی قیمت میں اضافہ روکنے میں ناکام، کسانوں سے 2100 روپے میں خریدی گئی گندم کی قیمت 3700 روپے تک پہنچ گئی۔ تفصیلات کے مطابق نان بائی ایسوسی ایشن نے کہا ہے کہ اگلے ہفتے تک روٹی کی قیمت بڑھا دی جائے گی۔ایسوسی ایشن کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ فائن اور آٹے کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے،سرکاری ریٹ پر روٹی فروخت کرنا ممکن نہیں۔

یاد رہے سادہ روٹی کی سرکاری قیمت اس وقت 14 روہے ہے، جبکہ نان کی سرکاری قیمت پچیس روہے ہے۔دوسری جانب بارشوں اور سیلابی صورتحال کی وجہ سے گندم اور آٹے کی قیمتوں میں مزید اضافہ ہوگیا ہے۔گندم اور آٹے کی طلب کے مقابلے میں رسد میں کمی آئی ہے، پنجاب حکومت کی جانب سے آٹے اور گندم کی ترسیل پر پابندی نے بھی باقی صوبوں کی مشکلات بڑھا دی ہیں۔

(جاری ہے)

کراچی میں کچھ دنوں کے دوران ہی 100 کلو گرام گندم کی قیمت میں دو ہزار روپے سے زائد اضافہ ہوا ہے، کراچی میں گندم کی سو کلو گرام کی بوری 7200 سے بڑھ کے 9300 روپے ہوچکی ہے، شہر قائد میں 50 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت 5 ہزار روپے سے بڑھ گئی ہے۔نجی ٹی وی کے مطابق پشاور میں 100 کلوگرام گندم کی بوری کی قیمت 9800 روپے ہو گئی ہے، پشاور میں 20 کلو آٹے کا تھیلا 2500 روپے سے زائد میں مل رہا ہے۔

کوئٹہ میں گندم کی قیمت میں اضافے کے بعد سو کلو گرام کی بوری 9600 روپے کی ہو گئی، کوئٹہ میں بیس کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت 2130 روپے تک پہنچ گئی ہے۔اسلام آباد، راولپنڈی اور لاہور میں گندم کی بوری کی قیمت 900 تا 1000 روپے تک بڑھ گئی ہے۔راولپنڈی میں گندم کی فی من قیمت 3700 روپے ہو گئی ہے جبکہ لاہورمیں گندم کی قیمت 3500 روپے ہے۔اسلام آباد، راولپنڈی اور لاہور میں 15 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت 150 روپے تک بڑھ گئی ہے، نیا ایکس مل ریٹ 1450 ہو گیا ہے اور اس میں اضافے کا خدشہ ہے۔فائن میدہ کی قیمت میں اضافے کی وجہ سے ڈبل روٹی اور دیگر بیکری کی اشیا کی قیمتوں میں اضافے کا امکان ہے۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات