Live Updates

الیکشن کمیشن نے سیلاب کے باعث پنجاب میں قومی وصوبائی اسمبلیوں کے ضمنی الیکشن ملتوی کردیئے

سیلاب سے انفراسٹرکچر کو نقصان اور بے گھر افراد کی وجہ سے الیکشن کا انعقاد ممکن نہیں، حالات معمول پر آنے کے بعد الیکشن عمل کا دوبارہ آغاز کردیا جائے گا۔الیکشن کمیشن

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعرات 4 ستمبر 2025 20:33

الیکشن کمیشن نے سیلاب کے باعث پنجاب میں قومی وصوبائی اسمبلیوں کے ضمنی ..
اسلام آباد ( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی پی اے ۔ 04 ستمبر 2025ء ) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے سیلاب کی تباہ کاریوں کے باعث پنجاب میں قومی و صوبائی اسمبلیوں کے ضمنی الیکشن ملتوی کردیئے ہیں۔میڈیا کے مطابق پنجاب میں سیلاب کی صورتحال اور تباہ کاریوں کے باعث ضمنی الیکشن ملتوی کردیئے گئے۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق پنجاب سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 66 وزیر آباد، این اے 129 لاہور میں 18 ستمبر، این اے 96 فیصل آباد، این اے 104 فیصل آباد، این اے 143 ساہیوال میں 5 اکتوبر، پی پی 73 سرگودھا ، پی پی 98 فیصل آباد، پی پی 203 ساہیوال میں 5 اکتوبر اور پی پی 87 میانوالی میں 18 ستمبر کو ہونے والے ضمنی انتخابات ملتوی کردیئے گئے ہیں۔

پنجاب میں سیلاب کے باعث مواصلات کا نظام درہم برہم ہے۔

(جاری ہے)

سیلاب کے باعث پنجاب میں سرکاری اور نجی انفراسٹرکچر تباہ ہو اہے۔ پنجاب میں سیلاب سے سرکاری سکولوں کی عمارتیں بھی تباہ ہوئیں ۔یہ عمارتیں پولنگ اسٹیشن کے قیام اور الیکشن ریکارڈ اسٹور کیلئے استعمال ہوتی ہیں۔ سول انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ریسکیو اور ریلیف آپریشن میں مصروف ہیں۔

انتظامیہ کیلئے الیکشن ڈیوٹی انجام دینا مشکل ہے۔ ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران نے آگاہ کیا ہے کہ پولنگ سٹاف ریلیف آپریشنز میں مصروف ہے۔ پنجاب حکومت نے ضمنی انتخابات ملتوی کرانے کی درخواست کی ہے۔ سیلاب سے متاثرہ حلقوں کے لوگ حق رائے دہی استعمال نہیں کرسکیں گے۔ الیکشن کمیشن کے مطابق انفراسٹرکچر کو نقصان اور بے گھر افراد کی وجہ سے الیکشن کا انعقاد ممکن نہیں۔

حالات معمول پر آنے کے بعد الیکشن عمل کا دوبارہ آغاز کردیا جائے گا۔ دوسری جانب الیکشن کمیشن(ای سی پی) کے اقدامات اور خواتین کے ووٹوں کے اندراج کی مہم کے نتیجے میں 2018 کے عام انتخابات میں ووٹر فہرستوں میں خواتین اور مردوں کا 11.78 فیصد جنڈر گیپ 2025 میں کم ہوکر 7فیصد تک رہ گیا ہے۔ ای سی پی ذرائع کے مطابق ملک میں اس وقت رجسٹرڈ ووٹرز کی کل تعداد 13 کروڑ 44 لاکھ 28 ہزار سے تجاوز کرگئی ہے جن میں مرد ووٹرز کی تعداد 7 کروڑ 21 لاکھ 24 ہزار سے متجاوز اور خواتین ووٹرز کی تعداد 6 کروڑ 23 لاکھ 4 ہزار سے زائد ہے۔

پنجاب میں مرد ووٹرز کی تعداد 4 کروڑ 7 لاکھ جبکہ خواتین ووٹرز کی تعداد 3 کروڑ 58 لاکھ 62 ہزار سے زائد ہے۔سندھ میں مرد ووٹرز کی تعداد 1 کروڑ 52 لاکھ 15 ہزار جبکہ خواتین 1 کروڑ 29 لاکھ 54 ہزار سے زائد ہیں۔خیبر پختونخوا میں مرد ووٹرز 1 کروڑ 4 لاکھ 40 ہزار اور خواتین 1 کروڑ 4 لاکھ 40 ہزار سے زائد ہیں۔بلوچستان میں مرد ووٹرز کی کل تعداد 31 لاکھ 43 ہزار جبکہ خواتین ووٹرز کی تعداد 24 لاکھ70 ہزار سے زائد ہے۔اسلام آباد میں مرد ووٹرز کی کل تعداد 6 کروڑ 31 لاکھ جبکہ خواتین ووٹرز کی تعداد 5 لاکھ 75 ہزار سے زائد ہے۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات