کچے کے ڈاکووں کا پنجاب کی حدود میں موٹروے پر بڑا حملہ

20 سے 25 ڈاکووں کی جانب سے رحیم یار خان میں جدید ہتھیاروں سے موٹروے پر حملہ کیا گیا، حملے میں کئی افراد شدید زخمی ہوئے، 10 افراد کو اغوا کر لیا گیا

muhammad ali محمد علی جمعرات 4 ستمبر 2025 21:51

کچے کے ڈاکووں کا پنجاب کی حدود میں موٹروے پر بڑا حملہ
رحیم یار خان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 04 ستمبر2025ء) کچے کے ڈاکووں کا پنجاب کی حدود میں موٹروے پر بڑا حملہ، 20 سے 25 ڈاکووں کی جانب سے رحیم یار خان میں جدید ہتھیاروں سے موٹروے پر حملہ کیا گیا، حملے میں کئی افراد شدید زخمی ہوئے، 10 افراد کو اغوا کر لیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب کی حدود میں موٹروے پر صوبے کی حالیہ تاریخ کا سب سے بڑا حملہ ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ملتان سکھر موٹروے پر کچے کے ڈاکووں کی جانب سے حملہ کیا گیا۔ ملتان سکھر موٹروے پر ضلع رحیم یار خان کی حدود میں کچے کے ڈاکووں کی جانب سے حملہ کیا گیا، اس حملے میں موٹروے پر سفر کرنے والے متعدد شہری نشانہ بن گئے۔ بتایا گیا ہے کہ حال ہی میں پنجاب پولیس کی جانب سے کچے کے ڈاکووں پر ڈرون کی مدد سے حملہ کیا گیا تھا، جس کے بعد کچے کے ڈاکووں نے بدلہ لینے کیلئے ملتان سکھر موٹروے پر دھاوا بول دیا۔

(جاری ہے)

یہ حملہ ایک روز قبل ضلع کے کچہ رونتی علاقے میں ڈاکوؤں کے ایک ٹھکانے پر کیے گئے ڈرون حملے کے ردعمل میں کیا گیا۔ ڈاکووں کی جانب سے پولیس کو جوابی کارروائی کی دھمکیاں دی گئی تھیں۔ پولیس کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ حملے کے دوران کچے کے ڈاکووں نے جدید ہتھیاروں کا استعمال کرتے ہوئے اندھا دھند فائرنگ کی۔ ڈاکووں کی فائرنگ کے باعث کئی گاڑیوں کو شدید نقصان پہنچا، اس حملے کے دوران 3 افراد شدید زخمی ہوئے جبکہ 10 افراد کو ڈاکووں نے اغوا کر لیا۔

حیران کن طور پر ڈاکووں کی جانب سے اس حملے کے دوران کسی بھی گاڑی یا مسافر کو مالی طور پر نہیں لوٹا گیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق حملہ جمعرات کی صبح کیا گیا۔ 20 سے 25 کے درمیان مشتبہ افراد نے موٹروے پر گاڑیوں پر حملہ کیا۔ حملہ آور جدید اسلحہ، بشمول خودکار رائفلیں اور راکٹ لانچرز سے لیس تھے جو آدھے گھنٹے تک فائرنگ کرتے رہے۔ حملے میں 3 افراد زخمی ہوئے، ان میں سے 2 کو معمولی زخم آئے جبکہ ایک مریض کمر اور ٹانگ میں گولی لگنے کے باعث ہسپتال میں زیر علاج ہے۔