حنیف محمد ٹرافی گریڈ ٹو کرکٹ ٹورنامنٹ کے دوسرے راؤنڈ کے چھ میچوں کا آغاز ہو گیا

جمعرات 4 ستمبر 2025 23:10

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 ستمبر2025ء) حنیف محمد ٹرافی گریڈ ٹو کرکٹ ٹورنامنٹ کے دوسرے راؤنڈ کے چھ میچوں کا آغاز ہو گیا۔ پی سی بی کے مطابق پہلے دن کھلاڑیوں نے بیٹنگ اور باؤلنگ میں بہترین کھیل پیش کیا۔ لاڑکانہ کے فاسٹ باؤلر شاہنواز دھانی نے راولپنڈی کے خلاف شاندار باؤلنگ کرتے ہوئے 6 کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا۔ راولپنڈی کے مبصر خان نے نصف سنچری بنائی۔

آزاد جموں و کشمیر کے حسنین شامیر نے فیصل آباد کے خلاف 88 رنز بنائے جبکہ حسن رضا نے 78 رنز کی اننگز کھیلی۔ حیدرآباد کی جانب سے سعد خان اور محمد صدام نے لاہور بلیوز کے باؤلرز کو مشکل میں ڈال دیا۔ محمد صدام نے 128 رنز کی دلکش اننگز کھیلی جبکہ سعد خان 164 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔ دونوں نے دوسری وکٹ میں 254 رنز کی شراکت قائم کر کے ٹیم کی پوزیشن مستحکم کی۔

(جاری ہے)

کوئٹہ کے بسم اللہ خان نے کراچی وائٹس کے خلاف عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور 103 رنز بنائے۔ ڈیرہ مراد جمالی کے ناصر خان بھی شاندار فارم میں دکھائی دیئے اور ملتان کے خلاف 131 رنز پر ناٹ آؤٹ ہیں، ان کے ساتھ اوپنر ماجد علی نے نصف سنچری اسکور کی اور پہلی وکٹ کے لیے 127 رنز کا اضافہ کیا۔ فاٹا کے اسپنر آصف آفریدی نے کراچی بلیوز کے خلاف عمدہ باؤلنگ کرتے ہوئے 49 رنز کے عوض 6 وکٹیں حاصل کیں۔ کراچی بلیوز کے عثمان خان نے نصف سنچری بنا کر ٹیم کو سہارا دیا۔