تھانہ یارحسین پولیس کی بڑی کارروائی ،بین الصوبائی ڈکیت و سنیچر گروہ کے 8 ملزمان گرفتار

جمعرات 4 ستمبر 2025 23:20

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 ستمبر2025ء) صوابی تھانہ یارحسین پولیس کی کامیاب کارروائی کے دوران بین الصوبائی ڈکیت و سنیچر گروہ کے 8 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔ پولیس ترجمان کے مطابق قبضے سے چھینی گئی موٹرکار (ہنڈا سٹی ماڈل 2021)، واردات میں استعمال ہونے والی ویگو اور اسلحہ (ایک عدد کلاشنکوف، دو عدد پستول و سینکڑوں کارتوس) برآمد کرلیا گیا۔

ملزمان کالے کپڑوں میں ملبوس ہوکر خود کو ایکسائز ملازمین ظاہر کرتے تھے اور گاڑیوں کو روک کر اسلحہ کی نوک پر موٹرکار اور دیگر قیمتی سامان چھین لیتے تھے۔ گرفتار شدہ ملزمان میں محمد حفیظ ساکن لکی مروت حال اسلام آباد، محمد معیز بابر، فیصل خان، ذاکر اللہ اور عالم زیب ساکنان لکی مروت جبکہ رقیب اللہ، حمد اللہ اور محمود اللہ ساکنان ڈیرہ اسماعیل خان شامل ہیں۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق مدعی امیر حمزہ ساکن گوجرانوالہ نے رپورٹ درج کرائی تھی کہ سوات موٹروے نزد دوبیان انٹرچینج پر مسلح ملزمان ایکسائز کے ملازمین کے روپ میں موٹرکار از قسم ہنڈہ سٹی نمبر AFN-276 اور دیگر قیمتی سامان چھین کر فرار ہوگئے۔ ڈی پی او صوابی ضیاء الدین احمد نے واقعہ پر فوری نوٹس لیتے ہوئے مقامی پولیس کو نامعلوم گروہ کو ٹریس اور گرفتار کرنے کا ٹاسک دیا۔

ایس پی انویسٹی گیشن افتخار علی کی نگرانی میں، ایس ڈی پی او لاہور ASP محمد نعمان اور ایس ایچ او تھانہ یارحسین سیف اللہ خان بمعہ ٹیم نے جدید سائنسی خطوط کو بروئے کار لاتے ہوئے کارروائی کی اور مختصر وقت میں ڈکیت گروہ کو ٹریس کرکے گرفتار کرلیا۔ دوران تفتیش مذکورہ ملزمان سے چھیننی گئی موٹرکار، واردات میں استعمال ہونے والی ویگو ڈالا اور آلہ خوف اسلحہ برآمد کرلیا۔