خیبر پختونخوا میں 7 ستمبرسے 9 ستمبر تک مزید بارشوں کی پیشگوئی، پی ڈی ایم اے نے ہائی الرٹ جاری کر دیا

جمعرات 4 ستمبر 2025 23:50

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 ستمبر2025ء) پروونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) خیبر پختونخوا نے محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کی روشنی میں 7 ستمبر سے 9 ستمبر تک خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے مزید بارشوں، آندھی، گرج چمک اور بعض مقامات پر موسلادھار بارشوں کا امکان ظاہر کرتے ہوئے متعلقہ ضلعی انتظامیہ اور اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔

پی ڈی ایم اے کی جانب سے جاری موسمی انتباہ کے مطابق اس دوران تیز بارشوں کے باعث بالائی و وسطی اضلاع گلیات، مانسہرہ، کوہستان (بالائی و زیریں)، کولائی پالس، ایبٹ آباد، بونیر، باجوڑ، بٹگرام، ہنگو، تورغر، ہری پور، کرک، چترال (بالائی و زیریں)، دیر (بالائی و زیریں)، سوات، شانگلہ، خیبر، کوہاٹ، نوشہرہ، صوابی، مردان، کرم، لکی مروت، ملاکنڈ، مہمند، اورکزئی، بنوں، وزیرستان (شمالی و جنوبی) اور ٹانک میں مقامی نالوں، برساتی چشموں اور دریاؤں میں فلیش فلڈ کا خدشہ ہے۔

(جاری ہے)

پی ڈی ایم اے کے مطابق پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور مقامی ندی نالوں، برساتی چشموں اور دریاؤں میں فلیش فلڈ کا خدشہ ہے جبکہ صوبہ کے شہری/نیشبی علاقوں میں تیز بارشوں کے باعث اربن فلڈنگ کا بھی خدشہ ہے۔مراسلے میں خبردار کیا گیا ہے کہ تیز ہواؤں اور گرج چمک کے باعث کمزور مکانات، بجلی کے کھمبے، اشتہاری بورڈز اور سولر پینلز کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔

اس سلسلے میں تمام ضلعی انتظامیہ کو ضروری احتیاطی اقدامات، نکاسی آب کے نظام کی صفائی اور مقامی آبادی، سیاحوں اور مسافروں کو بروقت آگاہی فراہم کرنے کی ہدایات دی گئی ہیں۔ پی ڈی ایم اے نے کاشتکاروں، مال مویشی پال حضرات اور سیاحوں کو خصوصی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ فصلوں اور جانوروں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جائے اور سیاح خطرناک مقامات پر جانے سے گریز کریں۔

مزید براں، متعلقہ اداروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ ایمرجنسی سروسز، طبی امداد، خوراک اور دیگر ضروری اشیاء کی دستیابی کو یقینی بنایا جائے جبکہ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ خراب موسم کے دوران غیر ضروری سفر سے اجتناب کریں. پی ڈی ایم اے کا ایمرجنسی آپریشن سنٹر مکمل طور پر فعال ہے، عوام کسی بھی ہنگامی صورتحال یا اطلاع کےلیے پی ڈی ایم اے کی 24/7 ہیلپ لائن 1700 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔