سعودی عرب کے مطالبے پر روبلوکس نے چیٹ معطل کردی

جمعہ 5 ستمبر 2025 08:30

ریاض (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 ستمبر2025ء) سعودی عرب میں ڈیجیٹل تحفظ اور سماجی سلامتی کے عزم کو اجاگر کرتے ہوئے، عالمی گیمنگ پلیٹ فارم روبلوکس نے سعودی عرب میں اپنی صوتی اور تحریری چیٹ سروسز کو عارضی طور پر معطل کرنے کا اعلان کیا ہے۔سبق ویب سائٹ کے مطابق گیمنگ پلیٹ فارم کا یہ فیصلہ سعودی میڈیا ریگولر اتھارٹی کے مطالبے پر کیا گیا ہے۔

اس کا مقصد مؤثر نگرانی کے نئے طریقے تیار کرنا اور تمام عمر کے کھلاڑیوں کے لیے محفوظ گیمنگ ماحول فراہم کرنا ہے۔

(جاری ہے)

یہ اقدام بالخصوص بچوں اور نوجوانوں کو ڈیجیٹل خطرات سے بچانے کی کاوشوں کا حصہ ہے کیونکہ آن لائن گیمز میں کھلی چیٹ اکثر ہراسانی، نامناسب مواد یا اجنبی افراد کی استحصالی کوششوں کا ذریعہ بن سکتی ہے۔یہ محض وقتی ضابطہ نہیں بلکہ اسٹراٹیجک وژن ہے جس کا ہدف ایک ایسی ڈیجیٹل فضا قائم کرنا ہے جو سعودی اور عرب معاشرتی اقدار سے ہم آہنگ ہو اور ساتھ ہی کھلاڑیوں کو محفوظ تخلیقی و تعاملی مواقع فراہم کرے۔

اس تعاون کے ذریعےسعودی عرب واضح کرتا ہے کہ وہ عالمی پلیٹ فارمز کے ساتھ شراکت داری کو ترجیح دیتا ہے تاکہ جدید ٹیکنالوجی سے فائدہ بھی اٹھایا جا سکے اور مقامی اقدار کا تحفظ بھی یقینی ہو۔