جشن عید میلاد النبی کی محافل و جلوسوں کے لئے سکیورٹی انتظامات مکمل ، 60 ہزار افسران و اہلکار تعینات کئے گئے ہیں ،آئی جی پنجاب

جمعہ 5 ستمبر 2025 11:43

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 ستمبر2025ء) آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا ہے کہ جشن عید میلاد النبی کے موقع پر پولیس نے صوبے میں ہونے والی پرنور محافل، ریلیوں اور جلوسوں کے لئے سکیورٹی انتظامات مکمل کرلئے ، 60 ہزار سے زائد افسران اور اہلکار تعینات کئے گئے ہیں ۔جمعے کے روز جاری ایک بیان میں ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ لاہور سمیت صوبے بھر میں 1398 محافل میلادالنبیۖ اور2498 جلوسوں کی سکیورٹی کےلئے 60 ہزار سے زائد افسران اور اہلکار تعینات کئے گئے ہیں ۔

لاہور میں جشن عید میلاد النبیۖ کے موقع پر 216 جلوس اور112 محافل میلاد منعقد ہو ں گی جن کے لیے 8 ہزار سے زائد افسران، اہلکار اور والنٹیرز سکیورٹی فرائض سر انجام دیں گے ،اس سلسلے میں روایتی و جدید پولیسنگ کے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے ،پولیس، ٹریفک پولیس، ایلیٹ، سپیشل برانچ اور سی ٹی ڈی ٹیمیں سکیورٹی انتظامات میں معاونت کریں گی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اے، بی اور سی کیٹیگریز کے جلوسوں اور محافل کےلئے ایس او پیز کے مطابق سخت سکیورٹی انتظامات یقینی بنائے جائیں ۔انہوں نے کہاکہ حساس شہروں میں سیف سٹی کیمروں کی مدد سے محافل اور ریلیوں کی مانیٹرنگ کی جائے گی ۔آئی جی کا کہنا تھا کہ ضلعی سطح پر قائم امن کمیٹیوں، علما کرام، کمیونٹی لیڈرز کی مشاورت اور تجاویز کو مد نظر رکھا جائے ،تمام آر پی اوز، سی پی اوز اور ڈی پی اوز جشن عید میلادالنبیۖ کے سکیورٹی انتظامات کی خود نگرانی کریں، کنٹرول رومز سے جشن عید میلاد النبیۖ پروگرامز کے سکیورٹی انتظامات کی لمحہ بہ لمحہ مانیٹرنگ یقینی بنائی جائے۔