Live Updates

سرگودھا،کوٹمومن کے سیلاب متاثرہ علاقوں میں کلینک آن بوٹس سروس کا آغاز

جمعہ 5 ستمبر 2025 14:10

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 ستمبر2025ء) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر کوٹمومن کے سیلاب متاثرہ علاقوں میں "کلینک آن بوٹس" سروس کا آغاز کردیا گیا،سیلاب سے زمینی راستوں سے کٹے دیہات میں کشتیوں پر طبی سہولیات فراہم کی جا ئیں گی۔ ڈپٹی کمشنر سرگودھا کیپٹن ریٹائرڈ محمد وسیم اورڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی نے کلینک آن بوٹ کا برج غلام رسول، تخت ہزاری اور گردونواح کا دورہ کیا۔

سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر سارہ صفدر اور ڈی ایچ او ڈاکٹر شہزاد حسین گل کی نگرانی کلینک آن بوٹس کا معائنہ کیا گیااورمتاثرہ دیہات میں گھروں کے دروازے پر جا کر مریضوں کا چیک اپ اور مفت ادویات کی فراہمی کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔کلینک آن بوٹس میں اینٹی الرجک، اینٹی بایوٹک، بخار کی ادویات، اسکیبیز لوشن، وٹامن بی کمپلیکس اور فولک ایسڈ شامل ہیں،اس کے علاوہ بچوں کے لیے لیکٹوجن دودھ، خواتین کے لیے ضروری دوائیں اور اینٹی انفیکشن انجیکشنز بھی فراہم کئے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

متاثرہ خاندانوں میں مچھر دانی، مچھر مارسپرے، مچھر بھگانے والی لوشن، کوائل، صاف پانی اور ہائی جین کٹس بھی تقسیم کی گئیں۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر سرگودھا کیپٹن ریٹائرڈ محمد وسیم کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر سیلاب متاثرہ ہر فرد تک بنیادی طبی سہولیات پہنچانا ہماری اولین ترجیح ہے ۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات