سیکیورٹیز کمیشن نے یونائٹیڈ انشورنس کی پریس ریلیز واپس لی

انشورنس سیکٹر کی جانب سے عدالت اور ریگولیٹر کا خیر مقدم

جمعہ 5 ستمبر 2025 14:55

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 ستمبر2025ء)سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان نے اسلام آباد ہائی کورٹ کے ہدایات کے مطابق یونائٹیڈ انشورنس کمپنی (یو آئی سی)کے حوالے سے اپنی 21مئی 2025کی پریس ریلیز باضابطہ طور پر واپس لے لی ہے۔ چیف جسٹس سردار صرفراز دوگر کی زیر صدارت عدالت نے ایس ای سی پی کو ہدایت دی تھی کہ وہ نجی کمپنی کے خلاف جاری کردہ پریس ریلیز کو ہٹائے اور اس معاملے کے حوالے سے نئی پریس ریلیز جاری کرے۔

یہ پیش رفت ریگولیٹری ادارے کی عدالتی نگرانی کے تحت کام کرنے کی عکاسی کرتی ہے ۔یو آئی سی کے خلاف ریگولیٹری کارروائی بغیر کسی ٹھوس وجہ کے کی گئی تھی جسکی وجہ سے عدالت میں کمپنی کی غلطی ثابت نہیں کی جا سکی۔ صنعتی ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ کیس ریگولیٹری نفاذی کارروائیوں میں مناسب طریقہ کار کی اہمیت کو واضح کرتا ہے۔

(جاری ہے)

عدالتی مداخلت اس بات کو یقینی بناتی ہے کہ ریگولیٹری کارروائیاں قانون کے دائرے کے اندر ہوں۔

عدالت نے قرار دیا کہ ریگولیٹری اداروں کو محض شکایات کی بنیاد پر کارروائی کرنے کے بجائے ٹھوس شواہد فراہم کرنے چاہئیں تاکہ کاروباری اداروں کی ساکھ اور سرمایہ کاروں کے اعتماد کو نقصان نہ پہنچے۔ ماہرین کے مطابق یو آئی سی کیس مستقبل میں ریگولیٹرز اور کمپنیوں کے درمیان تنازعات کے لیے ایک اہم قانونی مثال بن سکتا ہے۔ اس سے یہ بھی واضح ہوا کہ عدلیہ کس طرح توازن قائم رکھتے ہوئے نہ صرف صارفین بلکہ کاروباری اداروں کے حقوق کا بھی تحفظ کر رہی ہے۔

تجزیہ کاروں کے خیال میں یہ پیش رفت پاکستان کے مالیاتی شعبے میں شفافیت اور اعتماد کو فروغ دینے میں مددگار ثابت ہوگی۔واضع رہے کہ انشورنس سیکٹر میں صارفین کے تحفظ کے نظام کو مضبوط بنانے کے لیے کام کیا جا رہا ہے۔ حالیہ ڈیٹا کے مطابق جولائی 2024 سے اب تک ایس ای سی پی نے تین ہزار سے زیادہ شکایات نمٹائی ہیں جس کے نتیجے میں پالیسی ہولڈرز کو 1.3ارب روپے کی وصولی ہوئی ہے۔