ای وہیکلز سے ماحولیاتی آلودگی کے تدارک میں مدد ملے گی،سینئر وزیر مریم اورنگ زیب

جمعہ 5 ستمبر 2025 17:20

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 ستمبر2025ء) وزیراعلی پنجاب مریم نواز کے وژن کے تحت پہلا پنجاب ٹرانسپورٹ ایکسپو 2025 لاہور میں شاندار انداز میں منعقد کیا گیا۔اس ایکسپو کو پنجاب حکومت کا ایک منفرد اور تاریخی اعزاز قرار دیا جا رہا ہے، جس کا مقصد عوام کو جدید، سستا، معیاری اور ماحول دوست سفری نظام فراہم کرنا ہے۔اس حوالے سے سینئر وزیر پنجاب مریم اورنگ زیب نے گزشتہ روز ایکسپو کا تفصیلی دورہ کیا اور مختلف اسٹالز کا معائنہ کیا۔

اس موقع پر انہوں نے کہا کہ وزیراعلی مریم نواز کا ویژن ماڈرن گرین موبلیٹی ہے جو نہ صرف جدید دور کے تقاضوں کے عین مطابق بلکہ عوام کی سہولت اور ماحول کے تحفظ کی بھی ضمانت دیتا ہے،مریم نوازکے ویژن کے تحت پنجاب میں جدید الیکٹرک بسز، آٹومیٹڈ ریل سسٹم اور ہائی اسپیڈ ریل منصوبے متعارف کروائے جا رہے ہیں،اسی سلسلہ میں حکومت پنجاب ماس ٹرانزٹ شعبے میں ای-ماس ٹرانزٹ سسٹم کے تحت عوام کو باعزت، آرام دہ اور ماحول دوست سفری سہولیات فراہم کر رہی ہے۔

(جاری ہے)

سینئر وزیر نے ایکسپو میں لگائے گئے حکومتی منصوبوں کے ماڈلز کا تفصیلی جائزہ لیا جن میں فیصل آباد اور گوجرانوالہ میٹروز، پنجاب ایئر لائن اور مری گلاس ٹرین منصوبے شامل تھے۔ انہوں نے ان تمام منصوبوں کو عوامی سہولت اور ترقی کی جانب ایک بڑا قدم قراردیا۔ایکسپو میں ای-ٹیکسی اسکیم کے لیے مخصوص گاڑیوں اور اسٹوڈنٹس بائیک اسکیم کو بھی نمایاں کیا گیا، جنہیں مریم اورنگ زیب نے سراہا۔

انہوں نے ملکی و غیر ملکی ای ٹرانسپورٹ کمپنیوں کے اسٹالز اور گاڑیوں کا معائنہ اور مسافروں کے لیے بنائے گئے جدید ماڈل بس اسٹاپس دیکھ کر خوشی کا اظہار کیا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے مریم اورنگ زیب نے کہا کہ پنجاب ٹرانسپورٹ ایکسپو میں غیر ملکی کمپنیوں کی بڑی تعداد میں شرکت حکومت پنجاب کے اقدامات پر بھرپور اعتماد کا مظہر ہے۔انہوں نے کہا کہ ای-وہیکلز کے استعمال سے ماحولیاتی آلودگی کے تدارک میں مدد ملے گی اور آنے والی نسلوں کو صاف ستھراماحول فراہم کیا جا سکے گا۔