e جلد پیوٹن سے بات چیت ہوگی، صدر ٹرمپ کا بڑا اعلان

جمعہ 5 ستمبر 2025 18:35

ٰ واشنگٹن/ماسکو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 05 ستمبر2025ء) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ وہ جلد ہی روسی صدر ولادیمیر پیوٹن سے بات کریں گے۔ یہ اعلان اس وقت سامنے آیا جب انہوں نے یوکرینی صدر ولادیمیر زیلنسکی اور یورپی رہنماؤں کے ساتھ ٹیلیفونک گفتگو کی۔ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس میں امریکی ٹیکنالوجی کمپنیوں کے اعلیٰ نمائندوں کے ساتھ عشائیے کے دوران صحافی کے سوال پر کہا‘ہاں میں جلد ہی پیوٹن سے بات کروں گا۔

امریکی صدر کی یہ بات چیت یورپی رہنماؤں کے ساتھ پیرس میں ہونے والے سربراہی اجلاس کے بعد سامنے آئی، جس کا مقصد یوکرین کے لیے مستقبل کی سیکیورٹی گارنٹیز کو حتمی شکل دینا تھا، اگر یا جب فائر بندی پر اتفاق ہو۔کریملن کے ترجمان دمتری پیسکوف نے جمعے کو کہا کہ اگر ضرورت پڑی تو ٹرمپ کے ساتھ مذاکرات "بہت جلدی" ممکن ہیں، تاہم انہوں نے یوکرین کے لیے مغربی سیکیورٹی گارنٹیز کے تصور کو مکمل طور پر مسترد کر دیا۔

(جاری ہے)

پیسکوف نے روسی خبر رساں ایجنسی سے گفتگو میں کہا کہ ‘کیا غیر ملکی، خاص طور پر یورپی اور امریکی فوجی دستے، یوکرین کے لیے سیکیورٹی فراہم اور اس کی ضمانت دے سکتے ہیں بالکل نہیں، یہ ممکن نہیں۔ یہ ہمارے ملک کے لیے قابلِ قبول سیکیورٹی ضمانت نہیں ہو سکتی۔ادھر مغربی حلقوں میں یہ خدشات بھی بڑھ رہے ہیں کہ صدر پیوٹن جنگ ختم کرنے میں دلچسپی نہیں رکھتے۔ ان خدشات میں اس وقت مزید اضافہ ہوا جب انہوں نے بیجنگ کے حالیہ دورے میں کہا کہ اگر امن معاہدہ نہ ہوا تو روس یوکرین میں جنگ جاری رکھے گا۔