[وفاقی وزیر شزا فاطمہ خواجہ کا دورہ چین، دوسرے پاک، چین بی ٹوبی کانفرنس میں ڈیجیٹل تعاون اور ٹیکنالوجی کے فروغ پر اہم معاہدے

‘معاہدے پاکستان کے ڈیجیٹل مستقبل کی بنیاد رکھیں گے، چین کے ساتھ تکنیکی شراکت داری ملکی ترقی کے نئے باب کھولے گی، شیزا فاطمہ

جمعہ 5 ستمبر 2025 18:35

بیجنگ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 05 ستمبر2025ء) وفاقی وزیر برائے آئی ٹی و ٹیلی کام شزا فاطمہ خواجہ کے حالیہ دورہ چین کے دوران منعقدہ دوسرے پاک-چین بی ٹو بی کانفرنس میں ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز، ڈیجیٹل شراکت داری اور سرمایہ کاری کے فروغ کے حوالے سے کئی اہم سرکاری و نجی معاہدوں پر دستخط کیے گئے، جو پاکستان کی ڈیجیٹل معیشت میں نئے دور کے آغاز کی نوید ہیں۔

کانفرنس کے دوران حکومتِ پاکستان کی وزارت آئی ٹی و ٹیلی کام اور چین کی وزارت صنعت و انفارمیشن ٹیکنالوجی کے درمیان ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز میں دو طرفہ تعاون پر ایک اہم جی ٹوجی معاہدہ طے پایا۔اس موقع پر کئی سرکاری و نجی سطح جی ٹو جی پر بھی معاہدے کیے گئے، جن میں ہواوے ٹیکنالوجیز اور این ٹی سی پاکستان کے درمیان فائبرائزیشن اور سرکاری کنیکٹیویٹی کے فروغ پر معاہدہ ، علی بابا انٹرنیشنل ڈیجیٹل کامرس اور Ignite کے مابین کیپیسٹی بلڈنگ اور اشتراک کا ایم او یو وزارت آئی ٹی اور پاک چائنا انویسٹمنٹ کمپنی لمیٹڈکے درمیان سرمایہ کاری کے فروغ پر ایم او یو ZTE اور وزارت آئی ٹی کے درمیان نوجوانوں کی تربیت اور ہنر سازی پر اشتراک، وزارت آئی ٹی اور چائنا سب میرین کیبل کنسٹرکشن کمپنی لمیٹڈ (CSCC) کے مابین کنیکٹیویٹی کے منصوبوں پر ایم او یو ، گووڈونگ گروپ اور وزارت آئی ٹی کے درمیان ٹیکنالوجی پارکس و دیگر منصوبوں پر معاہدہ پاکستان سافٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ (PSEB) اورشنگھائی لِنگانگ انٹرنیشنل ڈیٹا انڈسٹری انسٹیٹیوٹ (SHLIDکے درمیان ڈیٹا انڈسٹری تعاون پر ایم او یو شامل ہیں ۔

(جاری ہے)

اس کانفرنس کا ایک اہم سنگِ میل وہ معاہدہ تھا جس کے تحت ZTE اور SKY47 کے درمیان جدید ڈیٹا سینٹرز کے قیام پر دستخط کیے گئے، جو پاکستان میں ڈیجیٹل انفراسٹرکچر کی ترقی کی جانب ایک بڑی پیش رفت تصور کیا جا رہا ہے۔ وفاقی وزیر شزا فاطمہ خواجہ نے کانفرنس سے خطاب میں کہا کہ یہ معاہدے پاکستان کے ڈیجیٹل مستقبل کی بنیاد رکھیں گے، اور چین کے ساتھ تکنیکی شراکت داری ملکی ترقی کے نئے باب کھولے گی۔