Live Updates

ٴْبریگیڈیئر بابر علاؤالدین کا گاؤں ماجرا کلاں، سمبڑیال میں قائم سیلاب ریلیف کیمپ کا دورہ

)حکومت اور ریاستی ادارے عوام کو مشکل کی اس گھڑی میں ہرگز تنہا نہیں چھوڑیں گے، چیئرپرسن وزیراعلیٰ پنجاب انسپکشن

جمعہ 5 ستمبر 2025 19:50

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 05 ستمبر2025ء) چیئرپرسن وزیراعلیٰ پنجاب انسپکشن، سرویلنس و مانیٹرنگ ڈائریکٹوریٹ بریگیڈیئر بابر علاؤالدین ستارہ امتیاز ملٹری (ر) نے اسسٹنٹ کمشنر سمبڑیال غلام فاطمہ کے ہمراہ گاؤں ماجرا کلاں، سمبڑیال میں قائم سیلاب ریلیف کیمپ کا دورہ کیا۔جہاں حالیہ سیلابی صورتحال کے باعث ایک ہی خاندان کے 6 افراد (والد، والدہ، تین بیٹیاں اور ایک بیٹا) جاں بحق ہو گئے۔

یہ المناک واقعہ نہ صرف مقامی آبادی بلکہ پورے خطے کے لئے انتہائی دلخراش اور ناقابلِ فراموش المیہ ہے۔بریگیڈیئر بابر علاؤالدین نے متاثرہ خاندان کے لواحقین سے ملاقات کی، ان کے غم میں شریک ہوئے اور گہرے دکھ و رنج کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایک ہی وقت میں پورے خاندان کے چھ افراد کا بچھڑ جانا ایسا زخم ہے جو کبھی نہیں بھر سکتا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہم اس کربناک سانحے میں متاثرہ خاندان کے غم میں برابر کے شریک ہیں اور حکومت پنجاب و ضلعی انتظامیہ ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔

چیئرپرسن نے ہدایت کی کہ متاثرہ خاندان کو پنجاب حکومت کی جانب سے اعلان کردہ مالی امداد فراہم کی جائے گی۔یہ دورہ متاثرہ خاندان کے ساتھ اظہارِ ہمدردی اور تعزیت کے ساتھ ساتھ اس عزم کی تجدید بھی ہے کہ حکومت اور ریاستی ادارے عوام کو مشکل کی اس گھڑی میں ہرگز تنہا نہیں چھوڑیں گے۔بریگیڈیئر بابر علاؤالدین نے اس موقع پر کہا کہ حکومت پنجاب متاثرین سیلاب کی بحالی کو اولین ترجیح دیتی ہے اور ریسکیو و ریلیف ادارے ہنگامی بنیادوں پر کام جاری رکھیں۔

انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ متاثرہ خاندانوں کے زخموں پر مرہم رکھنے کے لئے ہر ممکن قدم اٹھایا جائے گا۔بریگیڈیئر بابر علاؤالدین نے ریلیف کیمپ کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا اور وہاں موجود متاثرہ افراد سے ملاقات کی۔ انہوں نے متاثرین سیلاب کے مسائل اور ضروریات کو سنا اور متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ متاثرین کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے۔

اس موقع پر بریگیڈیئر بابر علاؤالدین نے بچوں کے ساتھ بیٹھ کر کھانا کھایا اور ان کے حوصلے بلند کرنے کے لئے محبت و شفقت کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت پنجاب مشکل کی اس گھڑی میں متاثرہ عوام کے ساتھ ہے اور انہیں تنہا نہیں چھوڑے گی۔چیئرپرسن وزیراعلیٰ پنجاب انسپکشن، سرویلنس و مانیٹرنگ ڈائریکٹوریٹ نے مزید کہا کہ ریلیف کیمپوں میں کھانے، پینے، طبی امداد اور رہائش کی سہولیات کو بہتر سے بہتر بنایا جا رہا ہے تاکہ متاثرہ خاندان سکون و اطمینان کے ساتھ وقت گزار سکیں۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات