بلوچستان پولیس کے 6 اہلکاروں کے قاتل سمیت گلوانی گینگ کے 4 کارندوں نے ہتھیار ڈال دئیے

جمعہ 5 ستمبر 2025 21:10

․ جیکب آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 ستمبر2025ء) بلوچستان پولیس کے 6 اہلکاروں کے قاتل سمیت گلوانی گینگ کے 4 کارندوں نے ہتھیار ڈال دئیے۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق بلوچستان پولیس کے 6 اہلکاروں کے قتل میں ملوث اہم ملزم سمیت بدنام زمانہ گلوانی گینگ کے 4 کارندوں نے جیکب آباد پولیس کے سامنے ہتھیار ڈال دیے ہیں، پولیس کے مطابق ہتھیار ڈالنے والوں میں ستارو گلوانی، غلام نبی، کریموں اور لیاقت گلوانی شامل ہیں جو 50 سے زائد سنگین مقدمات میں ملوث اور طویل عرصے سے پولیس کو مطلوب تھے، اس موقع پر ایس ایچ او صدر تھانہ سعید جمانی، سی آئی اے انچارج محمد ایوب ڈوگر، ایس ایچ او اوشاق شر نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ گلوانی گینگ برسوں تک علاقے میں خوف و ہراس پھیلاتا رہا تاہم ایس ایس پی جیکب آباد کی ہدایات پر جاری سخت آپریشن کے باعث یہ ملزمان آخرکار قانون کے سامنے جھکنے پر مجبور ہوگئے، انہوں نے بتایا کہ پیش ہونے ملزمان میں سے ایک ملزم بلوچستان پولیس کے 6 اہلکاروں کے قتل میں بھی ملوث ہے، پریس کانفرنس میں بتایا گیا کہ ایس ایس پی جیکب آباد کی واضح پالیسی کے مطابق جرائم پیشہ عناصر کو دو ہی راستے دیے گئے ہیں یا تو وہ خود پیش ہوکر رعایت کے حقدار بنیں یا پھر پولیس کی سخت کارروائی کا سامنا کریں، پولیس حکام کا کہنا تھا کہ گلوانی گینگ کے کارندوں کا پیش ہونا اس بات کا ثبوت ہے کہ جیکب آباد پولیس جرائم کے خاتمے کے لیے پرعزم ہے شہریوں کو امن و سکون فراہم کرنا ہماری اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے لیے آپریشن جاری رہے گا۔