حضور پُر نور ﷺ کی تشریف آوری سے ظلمت، جہالت اور ناانصافی کے اندھیرے چھٹ گئے، شیخ عبدالعزیز شامی

رب کائنات نے ذات پاک مصطفی ﷺ کو پوری کائنات کے تمام اولین و آخرین کیلئے سراپا رحمت بنا کر بھیجا ہے،حاجی رفیق پردیسی

جمعہ 5 ستمبر 2025 21:10

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 ستمبر2025ء)برکاتی فائونڈیشن کے زیر اہتمام 1500سالہ جشن ولادت ﷺکے موقع پر عظیم الشان تاریخی برکاتی جلوس جو کہ کئی کلو میٹر طویل سے شیخ عبدالعزیز شامی، حاجی رفیق پردیسی، مفتی وسیم ضیائی، علامہ یاسر برکاتی، فاروق ستار ، شہزادہ احمدمیاں،علامہ جواد برکاتی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سرور دوجہاں حضرت محمد مصطفی ﷺ کی حیات طیبہ ایک روشن مثال ہے جس سے زندگی کے ہر شعبے اور پہلو میں اس سے ہدایت اور رہنمائی حاصل کی جاسکتی ہے۔

جشن عید میلاد النبی ﷺ منانا عین عبادت ہے۔ حضور پُر نور ﷺ کی تشریف آوری سے ظلمت، جہالت ، ناانصافی ،گمراہی کے اندھیروں میں روشنی کی وہ کرنیں پھوٹی جن سے پوری دنیا انسانیت، انصاف و عدل سے جگمگا اٹھیں۔

(جاری ہے)

علماء و رہنمائوں نے کہا کہ آپ ﷺ کی تعلیمات احترام انسانیت اور معاشرے میں امن کی ضامن ہے۔ آپ ﷺ نے زندگی کو جینا سکھایا، ظاہری و باطنی، جسمانی و روحانی گندگیوں سے بچ کر پاکیزہ زندگی گزارنے کا سلیقہ سکھایا۔

غرور تکبر کو پس پشت ڈال کر عبادت کرنا اور اللہ کی بارگاہ میں سر جھکانا سکھایا۔ آپ نے معاشرے میں معاشرتی توازن پیدا کرنا، تاجروں کو لین دین اور تجارت دیانتداری سے کرنے کے اصول و ضع کئے، فرائض و واجبات اور حقوق ضروریات میں اعتدال و توازن اور ادائیگی و وصولی کا عملی نمونہ پیش کیا۔ رب کائنات نے ذات پاک مصطفی ﷺ کو پوری کائنات کے تمام اولین و آخرین کیلئے سراپا رحمت بنا کر بھیجا ہے۔

میلاد النبی ﷺ کا جشن منانا رحمت خداوندی کے نزول کا ذریعہ ہے۔گویا آپ ﷺ کی آمد ہوئی تو رحمت کے بادل سایہ فگن ہوئے۔ رحمتوں برکتوں کی وہ کرنیں پھوٹی جس کا فیض آج بھی جاری ہے اور قیامت تک جاری رہے گا۔ اللہ تعالیٰ نے مقام مصطفی ﷺ کو ایسے ممتاز فرمایا کہ قیامت تک نبوت کا دروازہ آپ ﷺ کے حق میں بند کردیا۔ نور مصطفی ﷺ کی عظمت کا اقرار ایمان کی بنیاد اور اعمال میں اخلاق پیدا کرنے کا سبب ہے کائنات کی تخلیق کا باعث رسول اللہ ﷺ کی ذات گرامی ہے۔

برکاتی جلوس میں ہزاروں حفاظ، سینکڑوںافراد، درجنوں سائونڈ کے ٹرک، استقبالیہ اور پانی کیمپ لگائے گئے تھے۔ شیخ سراج الدین، صاحبزادہ ریحان امجدنعمانی، مفتی کمال الدین رضوی، مولاناعارف برکاتی،حاجی ناصر، علامہ عمران قادری، حسنین پردیسی، حسان پردیسی، مولانااظہرقادری،مولانااقبال قادری، مولاناعبدالعلیم قادری، عبدالقادر، سرراحیل،مولاناشاہجہاں نے خصوصی شرکت کی، جبکہ برکاتی جلوس کے انتظامی امور اور نظم و نسق شاہ غازی اسکائوٹ کے محمد ظفر اور سید طاہر علی شاہ کی قیادت میں بہت بڑے دستے نے سنبھالے ہوئے تھے۔ دعا پر جلوس اختتام پذیر ہوا۔

متعلقہ عنوان :